ایف بی آر نے چیف کمشنرز کانفرنس کل طلب کرلی

ایل ٹی یوز اور آرٹی اوزسربراہان کولیٹرجاری،8 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا

ایل ٹی یوز اور آرٹی اوزسربراہان کولیٹرجاری،8 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا. فوٹو: فائل

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رواں مالی سال کے لیے مقررہ ٹیکس وصولیوں کے ہدف کا حصول یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی کی منظوری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔


اس سلسلے میں جمعرات کو چیف کمشنرز کانفرنس طلب کرلی گئی ہے جس میں رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ (جولائی تا فروری) کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی طرف سے تمام لارج ٹیکس پیئر یونٹس (ایل ٹی یوز) اور ریجنل ٹیکس آفسز (آر ٹی اوز) کے چیف کمشنرز کو لیٹر جاری کردیا گیا ہے جس میں تمام چیف کمشنرز سے کہا گیا ہے کہ جمعرات کو11بجے ہونے والی چیف کمشنرز کانفرنس میں شرکت کریں، اجلاس میں رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران فیڈرل بورڈآف ریونیو (ایف بی آر)کی ٹیکس وصولیوں میں 80 ارب روپے سے زائد کا شارٹ فال ہے جس کو پورا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اسی مقصد کے لیے مذکورہ چیف کمشنرز کانفرنس بلائی گئی ہے جس میں رواں مالی سال کے باقی ماندہ ساڑھے 3ماہ کے دوران زیادہ سے زیادہ ٹیکس وصولیوں کی حکمت عملی وضع کی جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ کانفرنس میں چیف کمشنرز کو ٹیکس وصولیوں کے جارحانہ اہداف دیے جائیں گے اور جو چیف کمشنر ان اہداف کے حصول میں ناکام رہیں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
Load Next Story