پی ٹی آئی اداروں کو دباؤ میں لاکر اپنے حق میں فیصلے لینا چاہتی ہے شرجیل میمن

پی ٹی آئی سربراہ پورے ملک میں نفرتیں اوراشتعال پھیلارہے ہیں، شرجیل انعام میمن

فوٹو: فائل

شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اداروں کو دباؤ میں لاکر اپنے حق میں فیصلے لینا چاہتی ہے، تحریک انصاف کی درخواست کو فل کورٹ سنے اور فیصلہ کرے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہےکہ سپریم کورٹ اس معاملے کا ازخود نوٹس لے، پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ پی ٹی آئی کی درخواست کو فل کورٹ سنے اور فیصلہ کرے، یہ لوگ اداروں کو دبائو میں لاکر کر اپنے حق میں فیصلے لینا چاہتے ہیں۔

آئین و قانون سب کے لیے برابر ہے، آئین و قانون سے بڑھ کر کوئی نہیں۔ پی ٹی آئی سربراہ پورے ملک میں نفرتیں اوراشتعال پھیلارہے ہیں، عمران خان کامقصد عدالتوں، الیکشن کمیشن اوراسٹیبلشمنٹ کو دبائو میں رکھنا ہے تاکہ وہ اپنے من پسند فیصلہ لے سکیں۔


انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس اہم ہے، پہلے عمران خان نے تاخیری حربے استعمال کیے، اب الیکشن کمیشن کو نشانہ بنارہے ہیں، الیکشن کمشنر کے خلاف باتوں کا مقصد یہ ہے کہ ان کے خلاف فیصلہ آئے تووہ یہ کہہ سکیں کہ میں ان کے خلاف تھا اس لیے فیصلہ آیا۔

اسد عمرکا خط موجود ہے، جس پر بیس ممبران کو نااہل کردیا گیا۔ اب چودھری شجاعت کے خط پر ایکشن لینا ان کو ٹھیک نہیں لگ رہا۔پارٹی کی اجازت نہیں ورنہ کئی فیصلے اورمثالیں موجود ہیں، یہ نہیں ہوسکتا کہ پی ٹی آئی کے لیے الگ فیصلے، باقی پورے ملک کے لیے دوسرا قانون ہو۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کا بی آر ٹی پر فیصلہ آیا تھا، نہ نیب ریفرنس بنا، نہ اربوں روپے کے کک بیکس کی تحقیقات ہوئیں، چور اسٹے آرڈر کے لئے عدالت گئے اور انہیں اسٹے آرڈر مل گیا،عمران خان تک اداروں کے ہاتھ نہیں پہنچے۔
Load Next Story