پریزیڈنٹ ٹرافی کرکٹ فائنل سوئی گیس کے نعیم الدین نے سنچری جڑ دی

اوپنر117،مصباح الحق 42 پر ناٹ آؤٹ،ٹیم نے یوبی ایل کیخلاف پہلے روز صرف 3 وکٹیں گنوا کر 226 رنز بنا لیے۔

ملتان:یو بی ایل کیخلاف پریذیڈنٹ ٹرافی فائنل میں سنچری کی تکمیل پر سوئی گیس کے نعیم کا فاتحانہ انداز ۔ فوٹو : ایکسپریس

پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں سوئی گیس کے نعیم الدین نے سنچری جڑ دی، ٹیم نے یوبی ایل کیخلاف پہلے روز صرف 3 وکٹیں گنوا کر 226 رنز بنا لیے، اوپنر117 پر ناقابل شکست رہے۔


کپتان مصباح الحق 42 پر ناٹ آؤٹ ہیں، عاطف مقبول نے2 پلیئرز کو ٹھکانے لگایا۔ تفصیلات کے مطابق ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ کا ٹاس یوبی ایل نے جیتا اور وکٹ کی نمی سے فائدہ اٹھانے کی غرض سے پہلے بولنگ کو ترجیح دی، ایس این جی پی ایل کی جانب سے اننگز کا آغازتوفیق عمر اور نعیم الدین نے کیا، دونوں نے انتہائی محتاط انداز اپناتے ہوئے اسکور کو64 تک پہنچایا،آف اسپنر عاطف مقبول کی ایک سیدھی گیند نے توفیق(32) کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔74 کے مجموعی اسکور پر تجربہ کار اظہر علی(12) بھی ایسی ہی گیند کو کھیلتے ہوئے عابدعلی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، عاطف نے دوسری وکٹ کا جشن منایا، تیسری وکٹ کیلیے اوپنر نعیم کے ہمراہ اسکور میں53 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد علی وقاص (21) کا قصہ طارق ہارون نے تمام کردیا، بعدازاں مصباح الحق نے اوپنر نعیم الحق کے ساتھ مزید39.5 اوورز تک بیٹنگ کی اور اسکور کو 226 تک پہنچا دیا، اوپنر نے 297 گیندوں پر 117 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 16 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، مصباح نے110 گیندوں پر42رنز اسکور کیے، دونوں ناقابل شکست واپس گئے اور جمعرات کو دوسرے روز کھیل کا آغاز کریں گے،اسپنر عاطف مقبول نے21 اوورز میں39 رنز کے عوض2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

طارق ہارون 58 رنزکے عوض ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔ دریں اثنا میچ کے دوران ملتان اسٹیڈیم اوراطراف میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، گراؤنڈ کی چھت' پانی کی ٹنکی اور اسکور بورڈ پر بھی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔ اسٹیڈیم آنے اور جانے والے تمام راستوں پر جگہ جگہ ناکے لگا کر لوگوں کی جامہ تلاشی لی گئی۔دوسری طرف دونوں ٹیموں کے کوچز اپنے کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن نظر آتے ہیں، یو بی ایل کے مسعود انور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ ابتدائی لمحات میں وکٹ کی نمی سے فائدہ اٹھانے کیلیے کیا، البتہ ہمارے بولرز مقصد کے حصول میں مکمل طور پر ناکام رہے، انھوں نے کہا کہ ابتدائی روز ہماری فیلڈنگ بھی ناقص رہی،کھلاڑیوں نے نعیم الدین اور مصباح کے کیچز ڈراپ کرتے ہوئے انھیں بڑا اسکور بنانے کا موقع فراہم کیا، اب جمعرات کو پہلے گھنٹے میں حریف بیٹسمینوں کو آؤٹ کرتے ہوئے کم بیک کی کوشش کریں گے، ہماری بیٹنگ لائن میں اتنی جان ہے کہ کسی بھی لمحے بولرز پر دباؤ ڈال سکیں۔ سوئی گیس کے کوچ باسط علی نے کہاکہ ہماری بیٹنگ انتہائی مضبوط ہے،400 سے زائد بنا کر حریف سائیڈ کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں، مصباح اور نعیم جتنی دیر تک وکٹ پر موجود رہیں ہمارا اتنا ہی فائدہ ہے۔
Load Next Story