آئی پی ایل میں میچ فکسنگ بھارتی کرکٹ بورڈ کا ملوث کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی کا اعلان

آئی پی ایل میں اینٹی کرپشن اور سیکیورٹی یونٹ کو ملنے والی کسی بھی شکایت کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جائے گا، راجیو شکلا

بی سی سی آئی اور آئی پی ایل کی گورننگ باڈی کو گزشتہ 6 سیزن میں میچ فکسنگ کے الزامات بعد ہوشیار رہنے کی ہدایت کر دی ہے، شکلا۔ فوٹو: فائل

انڈین کرکٹ بورڈ کے سینئر نائب صدر راجیو شکلا نے خبردار کیا ہے کہ اگر آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن میں کوئی بھی کھلاڑی میچ فکسنگ میں ملوث پایا گیا تو اس پر تاحیات پابندی لگا دی جائے گی۔


بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ بورڈ آف کرکٹ کنٹرول ان انڈیا اور انڈین پریمیئر لیگ کی گورننگ باڈی کو آئی پی ایل کے گزشتہ 6 سیزن میں میچ فکسنگ کے الزامات بعد اس حوالے سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، اینٹی کرپشن اور سیکیورٹی یونٹ کو ملنے والی کسی بھی شکایت کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی کھلاڑی کے خلاف میچ فکسنگ کے الزامات ثابت ہو گئے تو اس پر تا حیات پابندی لگا دی جائے گی۔

واضح رہے کہ آئی پی ایل کا پہلا مرحلہ 16 اپریل سے 30 اپریل تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا اور بھارت میں انتخابات کے دوران سیکیورٹی کی وجہ سے ٹورنامنٹ کا دوسرا مرحلہ یکم مئی سے 12 مئی تک بنگلہ دیش میں ہو گا جب کہ تیسرے اور آخری مرحلے کے تمام اہم میچز بھارت میں ہوں گے۔
Load Next Story