ہانگ کانگ میں کانسرٹ کے دوران بڑی اسکرین ڈانسرز پر جاگری کئی افراد زخمی

کانسرٹ کے دوران اسکرین گرنے سے پانچ افراد شدید زخمی

ڈانسرز پر دیو ہیکل اسکرین پینل گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے(فائل فوٹو)

ہانگ کانگ میں معروف میوزک بوائے بینڈ 'مرر' کے کانسرٹ میں اسٹیج پر لگی ایک بڑی اسکرین گرنے کا خوفناک واقعہ پیش آیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارےکے مطابق ہانگ گانگ میں کانسرٹ کے دوران اسٹیج پر لگی بڑی اسکرین گرنے سے دو ڈانسرز جبکہ 3 شرکا شدید زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ڈانسرز پر دیو ہیکل اسکرین پینل گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جبکہ کانسرٹ میں موجود ہزاروں لوگ اس حادثے سے صدمے میں مبتلا ہیں۔


واقعے سے متعلق بات کرتے ہوئے ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو جان لی نے کہا کہ 'میں اس واقعے پر حیران و پریشان ہوں، میری دعائیں اس حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کے ساتھ ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے پر تحقیقات کرے گی جبکہ فن کاروں، اسٹاف اور شرکا کے تحفظ کے لیے حفاظتی طریقۂ کار کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔




دوسری جانب شہر کے کلچر سیکریٹری کیون یوئنگ کا کہنا ہے کہ جب تک اسٹیج کا ڈھانچہ محفوظ نہیں ہو جاتا اس وقت تک شوز کو معطل رکھا جائے گا۔

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ،حکومت کے تفریحی بیورو نے حالیہ دنوں میں ہونے والے دیگر اسٹیج حادثات کے بارے میں پہلے ہی کانسرٹ کے منتظم سے رابطہ کیا تھا۔



واضح رہے کہ میوزک بینڈ 'مرر' کے 13 ہزار سے زائد مداحوں نے ایک پٹیشن پر دستخط کیے ہیں جس میں کانسرٹ انتظامیہ سے تمام پرفارمرز کی حفاظت اور اس سے متعلق مسائل کو حل کرنےکے لیے کہا گیا ہے۔

تاہم کانسرٹ انتظامیہ 'میکر وِل' کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعہ کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 'ہم اس واقعے کی وجہ سے ناظرین اور دیگر افراد کو پہنچنے والے دکھ کے لیے معذرت خواہ ہیں'۔
Load Next Story