جولائی کے مہنیے میں مون سون بارشوں کا 62سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

ماہانہ موسمیاتی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 181 فیصد زائد بارشیں ہوئیں

فوٹو: فائل

سندھ اوربلوچستان میں جولائی کے مہینے میں ہونے والی مون سون بارشوں کا 62 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کی جانے والی ماہانہ موسمیاتی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 181 فیصد زائد بارشیں ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں 450فیصد اور سندھ میں 308 فیصد معمول سے زائد بارشیں ہوئیں،بلوچستان اور سندھ میں 62 سالوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا،پنجاب میں 116 ، گلگت بلتستان 32، کے پی کے میں 30 فیصد معمول سے زائد بارشیں ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفانی بارشوں کے سبب بلوچستان اور سندھ میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، پورے ماہ میں سب سے زیادہ بارش پی اے ایف مسرور بیس پر 606 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

اگست میں مون سون کا چوتھا اسپیل تیز بارشوں کا سبب بنے گا


محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا چوتھا اسپیل شہرمیں 6 اگست سے درمیانی اور تیزبارشوں کا سبب بنے گا۔

ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق مون سون کی ہوائیں 5 اگست سے مشرقی سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے،اس سسٹم کے زیر اثر 6 سے 9 اگست کے دوران شہر کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ درمیانی اور کہیں کہیں تیزبارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دیہی سندھ کے اضلاع تھرپارکر،عمرکوٹ،میرپورخاص، بدین،ٹنڈو محمد خان،ٹنڈوالہیار،حیدرآباد،مٹیاری ٹھٹھ، سجاول، سانگھڑ، شہید بے نظیر آباد،خیرپور،سکھر،لاڑکانہ،گھوٹکی،کشمور،شکارپور، جیکب آباد، دادو، جامشورو، قمبرشہداد کوٹ سمیت دیہی سندھ کے دیگر اضلاع میں 5 سے 9 اگست کے دوران بارشوں کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق بدین،ٹھٹھ،سجاول اورقمبر شہداد کوٹ سمیت دیگر اضلاع کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو شہر کا زیادہ سے زیادہ پارہ 31.9ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد رہا،اگلے 48 گھنٹوں کے دوران مطلع بیشتر وقت ابرآلود جبکہ ہلکی بارش اور بونداباندی کا امکان ہے،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے32 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

 
Load Next Story