سانحہ بلدیہ میں بھتہ خوری کے پہلوکوبھی دیکھا جائے تاجر

غیرجانبدارتحقیقات،فائربریگیڈکانظام عالمی حفاظتی اقدامات کے مطابق تشکیل دیا جائے

جاںبحق افرادکے ورثاکومعقول معاوضہ دیاجائے، سراج قاسم تیلی، ایس ایم منیرو دیگر فوٹو: فائل

تجارتی وصنعتی حلقوں نے سانحہ بلدیہ ٹائون پرشدید رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جاں بحق ہونے والے افرادکے اہلخانہ اور زخمیوں کیلیے معقول معاوضے کااعلان کرے۔

کراچی چیمبر میں برسراقتداربزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی، زبیر موتی والا،ہارون فاروقی، انجم نثار،کراچی چیمبرکے صدرمیاںابرارسینئر نائب صدر یونس بشیر،نائب صدرضیااحمد خان،اراکین منیجنگ کمیٹی،نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ نوراحمدخان، چیئرمین عبدالرشیدفوڈروالا،وائس چیئرمین اشہرجمیل،کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر چیئرمین احتشام الدین وائس چیئرمین ہشام اے رزاق،آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے چیئر مین میاں زاہد حسین،فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین مسرورعلوی اورجوڑیا بازارٹریڈرزایسوسی ایشن کے چیئرمین جعفرکوڑیانے بلدیہ ٹاؤن کراچی میںآتشزدگی کے واقعے کوقومی سانحہ قرار دیتے ہوئے سیکٹروں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اورتعزیت کا اظہار کیا۔


تاجروصنعتکار رہنمائوں نے کہاکہ آزمائش کی اس گھڑی میں کراچی چیمبر سمیت شہر بھر کی تجارت وصنعتی انجمنیں لواحقین کے ساتھ ہیں۔ تاجروصنعتکاروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہلاک شدگان کے لواحقین کی ہنگامی بنیادوں پرمالی تعاون کی حکمت عملی کا اعلان کرے اور زخمیوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، انسانی جانوں کا اگرچہ کوئی متبادل نہیں لیکن لواحقین کو ریلیف دینے سے انکی شدید مشکلات اور مصائب میں قدرے کمی ممکن ہے۔

انھوںنے کہاکہ متعلقہ ذمے دارسرکاری اداروں و ایجنسیوںکی مجرمانہ غفلت اورغیرذمے دارانہ طرز عمل کے باعث یہ سانحہ رونماہواہے،متعلقہ ادارے حفاظتی انتظامات پرعملدرآمدکے نام پراگرچہ صنعتکاروں سے بھاری رقوم وصول کرتے ہیں لیکن ان حفاظتی اقدمات کی عملاً کوئی مثال نظر نہیںآتی۔ تاجر رہنمائوں نے اس امر پر حیرت کا اظہار کیا کہ ایک ایسی فیکٹری جس میں حفاظتی انتظامات کے حوالے سے سنگین نوعیت کی غفلت برتی گئی لیکن اسکے باوجود اس فیکٹری کو پیداواری عمل جاری رکھنے کی اجازت دی گئی جس کی متعلقہ ذمے دار اداروں سے تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے۔

تاجررہنمائوں نے فائربریگیڈکے موجودہ نظام کو بھی شہر کی ضرورت کیلیے نا کافی قرار دیتے ہوئے اسے جدید خطوط پراستوار کرنے اور بین الاقوامی حفاظتی اقدامات کے مطابق تشکیل دینے پر زور دیا۔ تاجربرادری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس قومی سانحے کی مکمل اورغیرجانبدارانہ تحقیقات کرائے اورتحقیقات کے میں بھتہ خوری، تخریب کاری کے پہلوکو بھی ملحوظ خاطررکھاجائے۔
Load Next Story