پاکستان نے افغانستان کی تعمیرنو کیلئے ایک ارب ڈالر خرچ کیے

ستمبر 2021 سے اب تک پاک افغان تعاون فورم کے زیر انتظام 14,945 ٹن سے زائد انسانی امداد افغانستان بھیجی جا چکی ہے

—فوٹو: اے اپی پی

پاکستان نے جنگ سے متاثرہ افغانستان کو اپنی پراکسی ریاست کے طور پر استعمال کرنے کے تاثر کو غلط ثابت کرتے ہوئے اسپتالوں، اسکولوں اور سڑکوں کی تعمیر نو کی مد میں 1 ارب ڈالر کا تعاون کیا ہے۔

سرکاری خبررساں ادارے 'اے پی پی' کی رپورٹ کے مطابق ستمبر 2021 سے اب تک پاک افغان تعاون فورم کے انتظامات کے تحت 694 ٹرکوں اور چار C-130 طیاروں کے ذریعے 14,945 ٹن سے زائد انسانی امداد افغانستان بھیجی جا چکی ہے۔


افغانستان میں حالیہ زلزلے کے بعد پاکستان نے جنوبی وزیرستان میں اپنی سرحد کھول دی اور ایک عارضی طبی مرکز بھی قائم کیا۔ پاکستان سے ملنے والی امداد میں خوراک، کپڑے، کمبل اور ادویات وغیرہ شامل ہیں۔

2019 میں تعمیر نو اور ترقی کی کوششوں میں پاکستان کے تعاون کے حصے کے طور پر 24 ملین ڈالر سے زیادہ کی لاگت سے کابل میں 200 بستروں کی گنجائش والا افغانستان کا دوسرا سب سے بڑا جناح اسپتال بھی کھولا گیا۔

2020 میں پاکستان کے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے افغان طلبہ کے لیے پاکستان کے مختلف اداروں میں میڈیسن، انجینئرنگ، زراعت، مینجمنٹ اور کمپیوٹر سائنس سمیت مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے 1.5 بلین روپے کے لگ بھگ 3,000 وظائف کا اعلان کیا۔
Load Next Story