نواز شریف حمزہ شہباز سے ناراض لندن طلب کرلیا

نواز شریف حمزہ سے ناراض ہیں، حمزہ تین ماہ میں پنجاب میں کوئی موثر کام نہ کراسکے، ضمنی انتخابات بھی ن لیگ نہ جیت سکی

(فوٹو: فائل)

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف پارٹی قائد نواز شریف کے طلب کرنے پر لندن روانہ ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز لندن روانہ ہوگئے، انہیں پارٹی قائد نواز شریف نے طلب کیا ہے، اطلاعات ہیں کہ وہ حمزہ شہباز سے ناراض ہیں۔


پارٹی ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف کا موقف ہے کہ حمزہ تین ماہ تک پنجاب حکومت میں رہے اور صوبے میں کوئی موثر کام نہ کراسکے، ساتھ ہی پنجاب میں ضمنی الیکشن ہارنے کی وجوہات پر بھی نواز شریف حمزہ شہباز سے ناراض ہیں۔

حمزہ شہباز آج صبح نجی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے لندن روانہ ہوئے ، وہ اپنی والدہ سے بھی لندن میں ملاقات کریں گے، ان کا ایک ہفتے بعد وطن واپس آنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ کا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا اور ان کی جگہ پرویز الہٰی پنجاب کے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے۔
Load Next Story