ٹھنڈے چپس کیوں دیے نوجوان نے ریسٹورنٹ ملازم کو گولی مار دی

خاتون نے ملازم سے تکرار کے بعد بیٹے کو وڈیو کال کرکے بلایا، جس نے آکر فائرنگ کردی

پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا (فوٹو انٹرنیٹ)

امریکا میں ایک شخص نے نجی ریسٹورنٹ کے ملازم کو ٹھنڈے چپس دینے پر گولی مار دی، جس کے نتیجے میں ملازم زخمی ہوگیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق نیو یارک میں نجی فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے ملازم کو گولی مارنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق بروکلن کے علاقے میں 20 سالہ مائیکل مورگن نے 23 سالہ ریسٹورنٹ ملازم کو گولی مار کر زخمی کردیا، جس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔


مقامی ذرائع کے مطابق خوفناک واقعہ 40 سالہ خاتون اور ریسٹورنٹ ملازم کے مابین تکرار کے بعد شروع ہوا، جب ٹھنڈے چپس دینے پر خاتون نے اپنے بیٹے کو وڈیو کال کرکے شکایت کی، جس پر ملزم غصے میں ریسٹورنٹ آیا اور بحث کے دوران ملازم پر گولی چلادی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 20 سالہ مائیکل مورگن اس سے قبل بھی کئی جرائم میں ملوث رہا ہے، جس کی پاداش میں اسے متعدد بار گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔ پولیس نے مقدمے میں قتل کی کوشش اور لوڈڈ پستول رکھنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔
Load Next Story