ورلڈ ٹی 20 تمام حریف بیٹسمین نشانے پر ہوں گے سعید اجمل

ایونٹ کے دوران خاص طور پر کسی ایک بیٹسمین کو ہدف بنانے کے حق میں نہیں ہوں،سعید اجمل

ایونٹ کے دوران خاص طور پر کسی ایک بیٹسمین کو ہدف بنانے کے حق میں نہیں ہوں،سعید اجمل۔ فوٹو: فائل

اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ ورلڈ ٹی20 میں کسی ایک بیٹسمین کو ہدف نہیں بنایا، بولنگ کرتے ہوئے پچ پر موجود ہر بیٹسمین نشانہ ہوگا، ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے پر توجہ مرکوز ہوگی.


اوپنر احمد شہزاد نے کہا کہ کسی ایک ٹیم کیخلاف عمدہ پرفارمنس پر نگاہیں مرکوز نہیں، اچھے بولرز کی قدر کرتا ہوں، ہر گیند کو میرٹ پر کھیلتے ہوئے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے کی کوشش کروں گا۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی20کیلیے پاکستان ٹیم کی بنگلہ دیش روانگی سے قبل ایک تقریب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ ایونٹ کے دوران خاص طور پر کسی ایک بیٹسمین کو ہدف بنانے کے حق میں نہیں ہوں،اسپنرز کیلیے سازگار کنڈیشنز میں بولنگ کرتے ہوئے پچ پر موجود ہر بیٹسمین کو نشانہ بنانے کی کوشش کروں گا، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ایونٹ میں زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ بنانا اصل مقصد نہیں، اہم مواقع پر حریفوں کی وکٹیں لیتے ہوئے ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے پر توجہ مرکوز ہوگی، انھوں نے کہا کہ ٹیم کا ہر رکن سو فیصد کارکردگی دکھا کر قوم کی توقعات پر پورا اترنے کیلیے پُرعزم ہے۔

احمد شہزاد نے کہا کہ ٹائٹل جیتنے کیلیے پوری ٹیم کو یکسوئی سے جان لڑانا ہوگی، بطور اوپنرکسی ایک ٹیم کیخلاف عمدہ پرفارمنس پر نگاہیں مرکوز نہیں،سب کے مقابل اچھا کھیلنا چاہتا ہوں،کسی ایک کو تختہ مشق بنانے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ تمام بولرز آئوٹ کرنے کیلیے گیند سنبھالتے ہیں، کسی کو بھی آسان سمجھنا درست نہیں ہوتا، ہر اچھے بولر کی قدر کرتا اور اس ارادے کے ساتھ کھیلتا ہوں کہ اپنی وکٹ آسانی سے قربان نہ کروں، ہر گیند کو میرٹ پر کھیلتے ہوئے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے کی کوشش کروں گا۔سہیل تنویر نے کہا کہ ایشیا کپ میں ٹیم نے عمدہ کارکردگی دکھائی جس کا تسلسل برقرار رکھنے کیلیے مزید محنت کرنا ہوگی، بولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی اپنا کردار ادا کرنے کیلیے محنت کروں گا۔
Load Next Story