سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کی خوش فہمی دورکردی

وارم اپ میچ میں 9 وکٹ سے روند ڈالا، مہمان بولرزجے وردنے اور دلشان کے سامنے بے بس، آئرلینڈ نے زمبابوے کو ہرادیا

کیریبیئن ٹیم کو اس ایونٹ کیلیے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔ فوٹو : اے ایف پی

سری لنکا نے ورلڈ کپ فیورٹ ویسٹ انڈیز کی خوش فہمی دور کردی، پہلے وارم اپ میچ میں میزبان سائیڈ نے حریف کو 9 وکٹ سے روند ڈالا۔

مہمان بولنگ اٹیک کپتان میلا جے وردنے اور تلکارتنے دلشان کے سامنے بے بس ہوگیا، سری لنکن ٹیم نے 26 گیندیں قبل ہی 133 کا ہدف حاصل کرلیا، سنیل نارائن ایک بھی وکٹ نہیں لے پائے، اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے 6 وکٹ پر 132 رنز بنائے، جانسن چارلس 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کرس گیل اور کپتان ڈیرن سیمی نے میچ میں حصہ نہیں لیا۔ دوسرے وارم اپ میچ میں آئرلینڈ نے زمبابوے کو54 رنز سے ہرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق کیریبیئن ٹیم کو اس ایونٹ کیلیے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے تاہم پہلی آزمائش میں شکست سے اس کے ہوش ٹھکانے آگئے،سری لنکا نے 133 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ گنوا کر 15.4 اوورز میں عبور کیا، اوپنر دلشان موناویرا 24 رنز پر روی رامپال کی گیند پر باڈری کا کیچ ثابت ہوئے۔


اس نقصان کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے دوسرے اوپنر تلکارتنے دلشان نے کپتان مہیلا جے وردنے کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح دلادی، دونوں کے درمیان دوسری وکٹ کیلیے 103 رنز کی شراکت ہوئی، جے وردنے نے دو چھکوں اور 6 چکوں کی مدد سے 35 گیندوں پر 57 رنز اسکور کیے جبکہ دلشان نے ایک چھکے اور پانچ بائونڈریز کی مدد سے 38 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔

آف اسپنر سنیل نارائن3 اوورز میں 21 رنز دینے کے باوجود وکٹ سے محروم رہے۔ قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے 6 وکٹ پر 132 رنز بنائے، جانسن چارلیس 30، ڈیرن براوو 29 اور کیرون پولارڈ 28 رنز ناٹ آئوٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔ جمعرات کو ہی کھیلے گئے دوسرے وارم اپ میچ میں آئرلینڈ نے زمبابوے کو 54 رنز سے شکست دی۔

182 رنز کا پیچھا کرنے والی زمبابوین ٹیم 8 وکٹ پر 127 رنز بنا پائی، ہیملٹن مساکیڈزا نے 44 اور کریگ ایروائن نے 24 رنز اسکور کیے، جارج ڈوکریل اور الیکس کیوسک نے تین، تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اس سے پہلے آئرلینڈ نے 5 وکٹ پر 181 رنز بنائے، نیل اوبرائن نے 49 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 62 رنز اسکور کیے،ان کے بھائی کیون اوبرائن نے 14 گیندوں پر ناقابل شکست 30 رنز بنائے،کرس ایمپوفو نے تین وکٹیں لیں۔
Load Next Story