پشاور اور کوئٹہ بم دھماکوں کی ذمہ داری ’’احرارالہند‘‘ نامی تنظیم نے قبول کرلی

ہمارا حکومت اور طالبان کے مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں اور آئندہ بھی اس طرح کے حملے کئے جائیں گے، سربراہ احرارالہند

3 مارچ کو اسلام آباد کی ضلع کچہری میں ہونے والے خودکش حملے اور بم دھماکوں کی ذمہ داری بھی ’’احرارالہند‘‘ نے قبول کی تھی۔ فوٹو: پی پی آئی

پشاور اور کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکوں کی ذمہ داری ''احرارالہند'' نامی تنظیم نے قبول کرلی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز سے بات کرتے ہوئے تنظیم ''احرارالہند'' کے سربراہ عمر قاسمی کا کہنا تھا کہ پشاور اور کوئٹہ میں ہونے والے دونوں بم دھماکے ہم نے کئے، ہمارا حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں اور آئندہ بھی اس طرح کے حملے کئے جائیں گے جب کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے دھماکوں سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا۔


واضح رہے کہ آج پشاور کے نواحی علاقے پٹہ تل بازار میں پولیس کی بکتر بند گاڑی پر خود کش حملے کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور اے ایس آئی سمیت 35 افراد زخمی ہو گئے تھے جب کوئٹہ میں پرنس روڈ پر سائنس کالج چوک پر دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے۔

اسلام آباد کی ضلع کچہری میں 3 مارچ کو جو خود کش حملہ اور بم دھماکا کیا گیا تھا اس کی ذمہ داری بھی ''احرارالہند'' نامی تنظم نے قبول کی تھی جس میں جج سمیت 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے جب کہ تنظیم کے ترجمان کا برطانوی نشریاتی ادارے سے فون پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں شریعت کے نفاذ تک ہم اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
Load Next Story