پلاٹس پر قبضے میں ملوث 2 خواتین کو جُرم ثابت ہونے پر 3 برس قید

انواری بیگم اور حلیمہ بی بی نے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں پلاٹوں پر قبضہ کرکے مکانات تعمیر کرلیے تھے

بلال شیخ قتل کیس کے ملزم شاہد بکک کے ریمانڈ میں توسیع ، کئی جرائم میں ملوث ملزم عبدالرزاق 90 روز کیلیے نظربند۔ فوٹو: فائل

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی چوہدری وسیم اقبال نے زبردستی پلاٹوں پر قبضہ کرنے کے الزام میں ملوث خواتین مسماۃ انواری بیگم اور حلیمہ بی بی کو جرم ثابت ہونے پر 3 برس قید اور فی کس 10ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔


دونوں مجرمائوں کو جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید ایک ماہ جیل میں رہنا ہوگا،عدالت نے ایک لاکھ روپے بطور حرجانہ مدعی مقدمہ کوادا کرنے کا حکم دیا ،دونوں سزا یافتہ خواتین ضمانت پر تھیں، فاضل عدالت نے ضمانت منسوخ کرکے جیل بھیج دیا جبکہ مقدمے میں ایک اور ملزمہ رحمت بی بی کو عدم ثبوت پر بری کردیاگیا ،استغاثہ کے مطابق دونوں مجرم خواتین نے 2008میں مدعی محمد اکرم کا مہران ٹائون کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے میں واقع 160 مربع گز کے 2 پلاٹوں پر قبضہ کرکے مکانات تعمیر کرلیے تھے ، مقدمہ اکرم کی مدعیت میں تھانہ کورنگی صنعتی ایریا میں درج تھا ،علاوہ ازیں سابق صدر آصف علی زرداری کے چیف سیکیورٹی افسر بلال شیخ قتل کیس میں گرفتار شاہد بکک سے مزید تحقیقات کیلیے 18مارچ تک جسمانی ریمانڈ میں توسیع کردی گئی ہے ، دریں اثنا رینجرز حکام نے رنچھوڑلائن کے علاقے سے گرفتار کیے گئے عبدالرزاق کو 90روز کیلیے نظربند کردیا۔

جمعہ کو رینجرز حکام نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کو بتایا کہ ملزم کو گارڈن کے علاقے سے حراست میں لیا تھا، متعدد جرائم کے شواہد موصول ہوئے ہیں، تحقیقات کیلیے اسے نظربند کردیا ہے، عدالت نے رینجرز کی درخواست منظور کرلی،علاوہ ازیں اقدام قتل ، پولیس مقابلہ اور بھاری تعداد میں آتش گیر مواد رکھنے کے الزام میں گرفتار کالعدم مذہبی تنظیم کے عمر فاروق، سید ایوب اور ہمایوں کو عدالت نے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے سی آئی ڈی نے ملزمان کو مقابلے کے بعد گرفتار کرکے انکے ہائی روف سے بھاری مقدار میں آتش گیر مواد برآمد کیا تھا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی فہیم احمد نے اقدام قتل پولیس مقابلہ کے الزام میں ملوث ملزم عادل کو وکیل صفائی اختر جمال ایڈووکیٹ کے حتمی دلائل مکمل ہونے کے بعد 30ہزار روپے کی ضمانت پر رہا کردیا ہے ، دریں اثنا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی سہیل جبار ملک نے اقدام قتل کے الزام میں ملوث شاہد علی اور عابد علی کو فی کس 50ہزار روپے کی ضمانت پر رہا کردیا ہے جبکہ اسلحہ ایکٹ کے مقدمے میں 30ہزار کی ضمانت منظور کی ہے۔
Load Next Story