ورلڈکپ میں براہ راست شرکت کا پروانہ گرین شرٹس کا منتظر

نیدرلینڈز کیخلاف کل تیسرے ون ڈے میں جیت سے مشن مکمل ہوجائے گا

(فوٹو: ٹوئٹر)

ورلڈکپ میں براہ راست شرکت کا پروانہ گرین شرٹس کا منتظر ہے جب کہ اتوار کے روز میزبان نیدرلینڈز کیخلاف تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں جیت سے مشن مکمل ہوجائے گا۔

آئی سی سی سپر لیگ کو ورلڈکپ کوالیفائرز کا درجہ حاصل ہے،اس میں 12فل ممبرز کے ساتھ نیدرلینڈز کی ٹیم بھی شریک ہے، آئندہ سال ہونے والے میگا ایونٹ میں میزبان بھارت کے سوا ٹاپ 7ٹیموں کو براہ راست شرکت کا موقع ملے گا، دیگر 5کو کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا ہوگی۔

سپر لیگ میں ہر ٹیم کو دیگر 8کیخلاف سیریز کھیلنا ہیں،ان میں سے 4ہوم اور اتنی ہی اوے ہیں،فتح پر 10، ٹائی، بے نتیجہ یا منسوخ میچ کی صورت میں 5پوائنٹس ملتے ہیں، ٹیبل کی موجودہ صورتحال کے مطابق نمبر13 نیدرلینڈز سے جاری ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں فتح سے پاکستان کلین سوئپ کرتے ہوئے ورلڈکپ میں براہ راست رسائی کا امکان بھی روشن کرسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان سے میچ بھارت کے اعصاب پر سوار

اس وقت انگلینڈ125پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست، بنگلہ دیش(120)دوسرے نمبر پر ہے،گرین شرٹس نے نیدرلینڈز کیخلاف مسلسل 2 فتوحات سے پوائنٹس کی تعداد 110کرتے ہوئے تیسری پوزیشن پر قبضہ جمالیا، مزید 10کا اضافہ اتوار کے میچ میں ممکن ہوگا،گرین شرٹس کی نیوزی لینڈ سے سیکیورٹی وجوہات پر ملتوی ہونے والی ون ڈے سیریز جنوری 2023میں ری شیڈول کی گئی ہے۔

کورونا کے باعث التوا کا شکار ہونے والے افغانستان سے 3میچز بھی باقی ہیں، ان کے نتائج سے قطع نظر ٹیم ورلڈکپ کیلیے کوالیفائی کرلے گی،افغانستان100پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، نیوزی لینڈ(90)پانچویں،ویسٹ انڈیز (90) چھٹے، بھارت (89) ساتویں، آسٹریلیا (70) آٹھویں، آئرلینڈ (68) نویں، سری لنکا (62) دسویں، جنوبی افریقہ (49) 11، زمبابوے (35) 12 اور نیدرلینڈز(25)13ویں نمبر پر ہے۔


مزید پڑھیں: آئندہ 4 سالوں کیلئے قومی ٹیم کے فیوچر ٹور پروگرام کا اعلان

سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اتوار کو کھیلا جائے گا،پہلے میچ میں سست آغاز کے بعد فخرزمان سنچری، کپتان بابر اعظم ففٹی اور شاداب خان جارحانہ 48رنز بنا کر مجموعہ 300 کے پار پہنچانے میں کامیاب رہے تھے، بولرز نے بمشکل حریف کو ہدف سے دور رکھا،پیسرز نے اگر وکٹیں حاصل کیں تو رنز بھی زیادہ دیے۔

دوسرے میچ میں میزبان ملک کی انجانی کنڈیشنز کا خوف ختم ہوگیا، فاسٹ بولرز نے نمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میزبان ٹاپ آرڈر کو ضرب لگائی جس کے بعد اسپنرز نے بڑا اسکور نہیں بننے دیا،ہدف کے تعاقب میں مہمان اوپنرز ناکام ہوئے مگر بابر اعظم کے جوابی حملے نے دبائو ختم کردیا، باقی کام محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے سنبھالتے ہوئے جیت کا مشن مکمل کیا۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ: پاک بھارت میچ کے پہلے مرحلے کے تمام ٹکٹس فروخت

تیسرے ون ڈے سے قبل شاہین شاہ آفریدی کی دستیابی کا فیصلہ ہوگا، دورئہ سری لنکا میں فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہونے والے پیسر کی بحالی فٹنس کیلیے کام نیدرلینڈز میں بھی جاری رہا،ٹیم مینجمنٹ یواے ای میں ایشیا کپ سے قبل ان کو ردھم میں آنے کا موقع فراہم کرنا چاہتی ہے مگر حتمی فیصلہ ڈاکٹرز کی مشاورت سے ہوگا،اس کے علاوہ بھی پاکستان بعض تبدیلیاں کرتے ہوئے بینچ پاور کو آزمانے کا فیصلہ کرسکتا ہے۔

دوسری جانب مہمان کرکٹرز نے دوسرے ون ڈے کے بعد جمعے کو آرام کیا،ہفتے کو کھلاڑی ٹریننگ کیلیے میدان کا رخ کریں گے،بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
Load Next Story