مریم اورنگزیب نے شہباز گل کی ’ہشاش بشاش‘ حالت والی ویڈیو جاری کردی
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے شہباز گل کی ویڈیوز چلائیں اور بتایا کہ پی ٹی آئی رہنما اسپتال میں ہشاش بشاش ہیں اور تحریک انصاف اس حوالے سے پروپیگنڈا کررہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ تین چار دن سے ٹی وی چینلز پر بغیر کسی تحقیقات کے غیر ضروری پروپیگنڈا چل رہا ہے. جس کے ذریعے صرف اور صرف جھوٹ بولا جا رہا ہے، شہباز گل کی فیک ویڈیو چلائی جا رہی ہے. پروپیگنڈا مشینری صرف جھوٹ بولنا جانتی ہے، اسی کو بنیاد بنا کر میڈیا اور سوشل میڈیا پر اسے چلایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا شہباز گل کے خلاف اے آر وائی پر عمران خان کا اسکرپٹ ٹی وی پر پڑھنے کا مقدمہ ہے، آئین میں دی گئی یہ ریڈ لائنز ہیں جس کی شہباز گل نے خلاف ورزی کی اور اسی بنیاد پر ان کے خلاف مقدمہ قانون کے مطابق درج ہوا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس مقدمہ کی وجوہات سے نظر ہٹانے کے لئے عمران خان پروپیگنڈا کر رہے ہیں، ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ کسی پر بھی تشدد نہیں ہونا چاہئے، شہباز گل کے کیس میں تشدد نہیں ہوا، اس حوالے سے صرف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، شہباز گل کے سامنے جب کیمرہ آتا ہے تو وہ ایکٹنگ شروع کر دیتے ہیں۔
مزید پڑھیں: (ن) لیگ، پی پی اور پی ٹی آئی کا پینل شہباز گل پرتشدد کی انکوائری کرے، فواد چوہدری
انہوں نے کہا کہ چکوال میں ایک ریپسٹ کی ویڈیو ہے کو شہباز گل کی ویڈیو سے جوڑا جا رہا ہے. یہ آدھی ویڈیو چلوا کر کہہ رہے ہیں کہ یہ شہباز گل کی ویڈیو ہے اور انہیں جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے، غلط ویڈیوز اور تصاویر چلانا سائبر کرائم کے زمرے میں آتا ہے. اس پروپیگنڈے کو اظہار رائے کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ عدالت کے حکم کے مطابق شہباز گل ایک انکوائری ہو رہی ہے جس کے تمام شواہد وزیر داخلہ بہت جلد میڈیا کے سامنے پیش کریں گے. سوشل میڈیا پر غلط اور اخلاق سے گری ہوئی آدھی ویڈیوز چلا کر طوفان بدتمیزی برپا کیا جا رہا ہے، یہ بیانیہ عمران خان نے شروع کیا ہے، ان کا مقصد اپنی کہانی کو بدلنا ہے، پاکستان تحریک انصاف کے ٹرولز پکڑے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس نے شہباز گل پر تشدد کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے کہا کہ شہباز گل پر جنسی تشدد کیا جا رہا ہے. سوشل میڈیا پر بغیر تحقیقات کے اس معاملے پر پروپیگنڈا کیا گیا، کیا کسی نے اصل ویڈیو اور تصاویر دیکھیں، عمران خان نے اپنی فارن فنڈنگ سے نظر ہٹانے کے لئے مہم چلائی۔