یوٹیوبر جمیل فاروقی راہداری ریمانڈ پر اسلام آباد پولیس کے حوالے

جمیل فاروقی نے اسلام آباد پولیس پر شہباز گل پرتشدد کرنے کے الزامات عائد کئے تھے، پولیس حکام

یوٹیوبرجمیل فاروقی کیخلاف اسلام آباد کے تھانے میں مقدمہ درج ہے:فوٹو:فائل

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے اسلام آباد پولیس پر جھوٹے الزامات عائد کرنے والے یوٹیوبر جمیل فاروقی کو تین روزہ راہداری ریمانڈ پر اسلام آباد پولیس کے حوالے کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یوٹیوبر و نجی ٹی وی کے اینکر محمد جمال الدین عرف جمیل فاروقی کو اسلام آباد کیپیٹل پولیس پر جھوٹے الزامات لگانے پر گرفتار کرکے کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت کے روبرو پیش کردیا گیا۔

جمیل فاروقی کو اسلام آباد پولیس کے تفتیشی افسر میاں شہباز نے عدالت میں پیش کیا اور عدالت کو بتایا کہ محمد جمال الدین عرف جمیل فاروقی کیخلاف رمنا پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج ہوا ہے، ہمیں راہداری ریمانڈ دیا جائے تاکہ جمیل فاروقی کو متعلقہ عدالت میں پیش کیا جاسکے۔

تفتیشی افسر کی گزارش پر عدالت نے ملزم کو تین روزہ راہداری ریمانڈ پر اسلام آباد پولیس کے حوالے کرتے ہوئے ملزم کو 3 دن میں متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔


عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تفتیشی افسر محمد جمال الدین عرف جمیل فاروقی کے اہلخانہ کو انکی گرفتاری سے آگاہ کریں، ملزم نے کسی قسم کے تشدد کی کوئی شکایت نہیں کی ہے۔

پولیس کے جمیل فاروقی پر الزامات:

پولیس کے مطابق ملزم جمیل فاروقی نے اپنے وی لاگ میں اسلام آباد کیپیٹل پولیس پر ملزم شہباز شبیر گل پر جسمانی اور جنسی تشدد کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس پر اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے اشتعال انگیز، من گھڑت اور جھوٹے الزامات لگانے والوں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔

اس حوالے سے مجسٹریٹ ایمل خان کی طرف سے تھانہ رمنا اسلام آباد میں وی لاگر جمیل فاروقی کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی گئی، مجسٹریٹ نے جمیل فاروقی کی طرف سے شہباز گل کے ساتھ جنسی زیادتی اور شدید ترین تشدد کرنے کا واقعہ بیان کرنے پر تھانے میں رپورٹ کی ہے۔

 
Load Next Story