افغانستان ایک بار پھر دنیا کو چونکانے کا خواب دیکھنے لگا

افغانستان نے جب سے ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کو32 رنز سے شکست دی اس کے حوصلے آسمان کی بلندیوں کو چھونے لگے

ایشای کپ ممیں جیت کے بعد افغان پلیئرز میں یقین پیدا ہوگیا کہ وہ دوبارہ بھی بنگلہ دیش کو ہرا سکتے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

افغانستان ایک بار پھر دنیاکو چونکانے کا خواب دیکھنے لگا، بنگلہ دیش کو ابتدائی معرکے میں پچھاڑنے کے ساتھ سپر 10 میں رسائی کو اپنا ہدف قرار دے دیا، کوچ کبیر خان نے کہاکہ تمام کھلاڑیوں نے مکمل صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا تو کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔


تفصیلات کے مطابق افغانستان نے جب سے ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کو32 رنز سے شکست دی اس کے حوصلے آسمان کی بلندیوں کو چھونے لگے، ٹیم نے اب بڑے خواب آنکھوں میں سجا لیے ہیں۔ کوچ کبیر خان نے کہاکہ ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف جیت کو ماہرین اور ناقدین نے بیحد سراہا، ٹیم کا مورال بہت بلند ہو چکا، پلیئرز میں یقین پیدا ہوگیاکہ وہ دوبارہ بھی بنگلہ دیش کو ہرا سکتے ہیں۔ پاکستان کی طرف سے 4 ٹیسٹ اور 10 ون ڈے کھیلنے والے کبیرخان نے کہاکہ میزبان کپتان مشفیق الرحیم نے افغانستان سے اپنی شکست کا بدلہ لینے کی بات کی اور وہ اس کے لیے پوری کوشش کریں گے، ہم بنگلہ دیشی ٹیم کے غصے اور بدلہ لینے کی سوچ سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی افغانستان کا پسندیدہ فارمیٹ ہے، بنگلہ دیش کو میزبان ہونے کے ناطے ہوم گراؤنڈ اورکراؤڈ کا فائدہ ہوگا تاہم افغان کھلاڑیوں کو بھی ان کنڈیشنز کا بخوبی اندازہ ہو چکا ہے۔ کبیر خان ایشیا کپ میں اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مکمل طور پر مطمئن نہیں، انھیں بیٹنگ سے فکرمندی لاحق ہے، انھوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں دیگر ٹیمیں مختلف ایجنڈے کے ساتھ آئی تھیں جبکہ افغانستان کا صرف واحد مقصد تھاکہ اگر 1، 2 ٹیموں کے خلاف میچ جیت لیے تو اس سے افغان کرکٹ ہی نہیں بلکہ پوری نوجوان نسل کے حالات بدل سکتے ہیں، بنگلہ دیش کے خلاف جیت نے ہمیں اپنے مقصد کی تکمیل میں بڑی مدد دی، ہمیں یقین ہے کہ بڑی تعداد میں نوجوان کرکٹ کی طرف آئیں گے اور اس کا فائدہ ملک کو ہوگا۔
Load Next Story