پریذیڈنٹ ٹرافی سوئی ناردرن گیس کی ٹیم ٹائٹل لے اڑی

ایونٹ کے فائنل میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز نے یوبی ایل کو 278 رنز سے شکست دی۔

مصباح الحق پریذیڈنٹ ٹرافی اور انعامی رقم کا چیک تھامے پوئے ہیں۔ ۔ فوٹو: اے پی پی

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کا ٹائٹل سوئی ناردرن گیس کی ٹیم لے اڑی، فائنل میں یوبی ایل کو 278 رنز سے شکست ہوئی، فاتح ٹیم کے نعیم الدین نے پہلی اننگز میں 192 اور دوسری میں 77 رنز بنائے،یاسر شاہ نے میچ میں 9 پلیئرز کو ٹھکانے لگایا۔


تفصیلات کے مطابق ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہفتے کو فاتح سائیڈ نے5 وکٹ پر 195 رنز کے ساتھ ادھوری دوسری اننگز کا آغاز کیا،224 پر نعیم الدین77 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوگئے، عدنان اکمل نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا مگر بدقسمتی سے سنچری سے صرف ایک رن کی دوری پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے، کپتان مصباح الحق نے 8 وکٹ پر262 رنز بننے پر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی،اس طرح یو بی ایل کو فتح کیلیے 506 رنز کا ہدف ملا مگر اس کی آدھی ٹیم صرف 83 پر ڈھیر ہوکر یقینی شکست کی جانب بڑھنے لگی، وجیہہ الدین اور طارق ہارون نے 57,57 رنز کی اننگز کھیل کر تھوڑی مزاحمت کی لیکن ان کے جاتے ہی دیگر بیٹسمین 226 پر پویلین لوٹ گئے، پہلی باری میں 5 شکار کرنے والی لیگ اسپنر یاسر شاہ نے دوسری کاوش میں 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، سمیع اللہ نیازی نے3 وکٹیں اپنے نام کیں۔

قبل ازیں میچ کے ابتدائی روزیوبی ایل کے کپتان عاطف مقبول نے ٹاس جیت کرحریف بیٹسمینوں کی صلاحیتوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا تھا، سوئی گیس کے اوپنر نعیم الدین نے 429 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 192 رنز کی دلکش کھیلی، ٹیم نے386 رنز بنائے، ابتدائی3 پلیئرز کی صرف131 پر رخصتی کے بعد اوپنر نے مصباح الحق کے ہمراہ چوتھی وکٹ کیلیے 128 رنز جوڑے، عاطف مقبول نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔ جواب میں یوبی ایل کی ٹیم صرف 144 پر ڈھیر ہوکر 242 رنز کے خسارے میں چلی گئی، یاسر شاہ نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں اپنے نام کیں، مصباح نے حریف سائیڈ کو فالو آن کرانے کے بجائے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا، طارق ہارون نے سوئی گیس کے ابتدائی 3 بیٹسمینوں کو صرف 10 رنز پر پویلین بھیج کر میچ میں دلچسپی پیدا کی لیکن بعدازاں نعیم الدین اور عدنان اکمل نے 84 پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد اسکور کو 224تک پہنچایا، سوئی گیس نے دوسری کوشش میں 8 وکٹ پر 262 رنز بناتے ہوئے اننگز ڈیکلیئرڈ کردی تھی۔
Load Next Story