قطر کا پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان
غیرملکی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق پاکستان معاشی بدحالی کا شکار ہے اور اسے ادائیگیوں کے توازن کے بحران کا سامنا ہے، غیر ملکی ذخائر 7.8 ارب ڈالر تک گر چکے ہیں، جو ایک ماہ سے زیادہ کی درآمدات کے لیے بمشکل کافی ہیں۔
قطر کی جانب سے تفصیلات ظاہر کیے بغیرقطر کی امیری دیوان نے بتایا کہ قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی (کیو آئی اے) نے پاکستان میں مختلف تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اعلان کیا۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قطری ہم منصب سے ملاقات، دلچسپی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال
یہ اعلان پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے دوحہ کے دورے کے دوران کیا گیا، جنہوں نے منگل کو کیو آئی اے کے ساتھ ملاقات کے بعد بدھ کو قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے باضابطہ بات چیت کی۔
امیری دیوان نے کہا کہ امیر قطر نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کی اہمیت اور تجارتی تبادلے اور قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی کے ذریعے سرمایہ کاری کو فروغ دے کر اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے کی خواہش پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی امیر قطر سے ملاقات، دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق
اس سے قبل وزیراعظم محمد شہبازشریف نے قطر کے وزیراعظم اور وزیر داخلہ شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز الثانی سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کابینہ کے سینئر ارکان کے ہمرا سرکاری دورے پر دوحہ پہنچے تھے۔
اسے بھی پڑھیں: وزیراعظم کا فیفا ورلڈ کپ اسٹیڈیم کا دورہ
دونوں رہنماؤں نے بات چیت کے دوران اپنے اپنے فریقین کی قیادت کی اور دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جبکہ مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔