ایران اور ترکی کا پاکستان میں سیلاب سے جانی و مالی نقصانات پر اظہارِ افسوس

دونوں ممالک کے صدور نے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے

فوٹو فائل

ایران اور ترکی کے صدور نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے پاکستان میں سیلاب اور اس سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا وزیر اعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا اور پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس و دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے ایرانی صدر کو سیلابی تازہ صورتحال اس کی تباہ کاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا جس پر ابراہیم رئیسی نے متاثرین سیلاب کی بھرپور مدد اور انفراسٹریکچر کی بحالی کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم نے ایرانی صدر کو بتایا کہ سیلابی صورتحال نقصانات بارے عالمی مدد کی اپیل بھی کی گئی ہے، جموں کشمیر کے عوام کی ہمیشہ بھرپور حمایت کے ایرانی موقف کی بھی تعریف کی۔

علاوہ ازیں ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور سیلاب سے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ترک صدر کو پاکستان میں سیلاب کی تازہ ترین صورتحال اور ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا۔


مزید پڑھیں: سعودی عرب کا سیلاب سے جانی نقصان پرپاکستان سے اظہار افسوس

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان جون 2022 کے وسط سے ریکارڈ بارشوں کے ساتھ غیر معمولی مون سون موسم کی زد میں ہے جس کے نتیجے میں انسانی جانوں، ذریعہ معاش اور بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ باوجود اس کے کہ بارش سے انفراسٹریکچر کو شدید نقصان پہنچا، حکومت متاثرہ علاقوں تک پہنچنے اور لوگوں کو ان کی نقل مکانی اور امداد کی ترسیل میں مدد کے لیے تمام تر کوششں کر رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے 'اقوام متحدہ کی فلیش اپیل' تیار کی ہے جو 30 اگست 2022 کو شروع کی جائے گی اور اس امید کا اظہار کیا کہ عالمی برادری فلیش اپیل کی فنڈنگ کی ضروریات کو پورا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

وزیراعظم نے انسانی بنیادوں پر امداد پر صدر ارددوان کا شکریہ ادا کیا۔ دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف نے تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے جموں و کشمیر کے عوام کے لیے ترکی کی غیر متزلزل حمایت پر صدر اردگان کا بھی شکریہ ادا کیا۔ صدر رجب طیب اردوان نے وزیر اعظم شہباز شریف سے شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر کہا کہ ترکی ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دے گا۔
Load Next Story