پاکستانی کوچ بھارتی ویب سائٹ پر کام کرنے لگے

ثقلین مشتاق اہم میچ سے قبل ایکسپرٹ پینل میں شامل، سوشل میڈیا پر خوب تشہیر

کسی پلیئر یا کنسلٹنٹ کو دوران سیزن اور کام کرنے کی اجازت نہیں، پی سی بی۔ فوٹو؛فائل

ایشیا کپ میں اہم میچ سے قبل پاکستانی ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق بھارتی ویب سائٹ کیلیے کام کرتے رہے، انھیں اسپرٹ پینل میں شامل کرنے کے ساتھ سوشل میڈیا پر خوب تشہیر بھی کی گئی۔

ایشیا کپ میں بھارت کیخلاف میچ قبل ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق ایک بھارتی ویب سائٹ کیلیے تبصرے کرتے نظر آئے ہیں، سابق اسپنر کو ایکسپرٹ پینل میں شامل کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر خوب تشہیر بھی کی گئی۔

مختلف پلیٹ فارمز پر ویب سائٹ کی جانب سے اپ لوڈ کی جانے والی ویڈیو میں ثقلین مشتاق دل کھول کر بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون کی تعریفیں کرتے ہوئے بورڈ کی جانب سے ان کی صلاحیتیں ضائع کرنے کا شکوہ کرتے نظر آتے ہیں،انھوں نے ایشیا کپ میں شریک پاک بھارت ٹیموں کی قوت پر تبصرہ بھی کیا ہے۔


آج پاکستان کے مقابل ہونے والی ٹیم کے اہم بیٹرز کپتان روہت شرما اور سوریا کمار یادو کو قرار دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ویراٹ کوہلی کو ہلکا نہیں لیا جاسکتا۔پاکستان کی طرف سے بابر اعظم اور محمد رضوان کے ساتھ شاداب خان کی آل را?نڈ کارکردگی سے بھی توقعات وابستہ کیں۔

کرکٹ حلقوں میں ان کے تبصرے کودلچسپی سے دیکھنے کے ساتھ یہ سوالات بھی اٹھائے جارہے ہیں کہ ایشیا کپ کی مصرفیات میں بھی انھوں نے بھارتی ویب سائٹ کیلیے وقت کیسے نکال لیا۔

اس حوالے سے ''ایکسپریس'' کے استفسار پر پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے کہا کہ اس حوالے سے بورڈ کی پالیسی بڑی واضح ہے،کوئی بھی سنٹرل یا ڈومیسٹک کنٹریکٹ یافتہ کرکٹر اور کنسلٹنٹ سیزن کی مصروفیات کے دوران کسی پلیٹ فارم پر کام نہیں کرسکتا، پوری توجہ صرف کرکٹ اور اس سے متعلقہ امور کی پلاننگ پر مرکوز ہونا چاہیے، ثقلین مشتاق سے اس معاملے میں بات ہوئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بھارتی ویب سائٹ پر انٹرویو ایک غلط فہمی کی وجہ سے جاری ہوا ہے،اپنے ایجنٹ سے بات کی ہے تاکہ اس غلطی کو سدھارا جاسکے۔
Load Next Story