ریلوے کا پہلے مرحلے میں صرف مال بردار ٹرین چلانے کا فیصلہ

سیلاب زدگان کے لیے آنے والی امداد سیلابی اضلاع تک پہنچانے میں آسانی ہوگی، ریلوے انتظامیہ

ڈرائیورز کو ٹریک پر موجود پانی والے اضلاع سے کم ترین رفتار کے ساتھ ٹرین گزارنے کی ہدایت کی گئی ہے (فوٹو فائل)

سیلاب کے باعث ٹرین آپریشن تاحال بند ہے، جس کی بحالی سے قبل ریلوے نے پہلے مرحلے میں صرف مال بردار ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔


ریلوے انتظامیہ کے مطابق حکام نے عالمی سطح پر ملنے والی امداد ملک بھر کے تمام شہروں تک پہنچانے کے لیے پہلے مرحلے میں مال بردار ٹرین آپریشن کراچی سے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ٹرین ڈرائیورز کو مال بردار ٹرینوں کو ٹریک پر موجود پانی والے اضلاع سے کم ترین رفتار کے ساتھ گزارنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ کراچی ڈویژن میں متعدد کنٹینرز اور مال بردار ٹرینیں کھڑی ہونے کی وجہ سے کیا گیا ہے، تاکہ امدادی سامان کی ترسیل ممکن ہونے کے ساتھ تاجر برادری کی درپیش مشکلات بھی کم ہوسکیں۔ ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے سیلاب زدگان کے لیے آنے والی ،مزید امداد اب سیلابی اضلاع تک پہنچانے میں آسانی ہوگی۔
Load Next Story