ملائیشیا پاکستان میں لاپتہ طیارے کی تلاش کیلئے سفارتی اجازت چاہتا ہے برطانوی اخبار

ملائیشین ایئرلائن کا طیارہ ایم ایچ 370 گزشتہ 9 روز سے لاپتہ ہے جس کی تلاش کے لئے دنیا کے 25 ترقی یافتہ ممالک مصروف ہیں

دفتر خارجہ ملائیشیا کے لاپتہ طیارے کی پاکستان میں موجودگی کی میڈیا رپورٹس کو مسترد کرچکا ہے۔ فوٹو؛فائل

برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ملائیشیا پاکستان کے قبائلی علاقوں میں اپنے لاپتہ طیارے کی تلاش کے لئے سفارتی اجازت چاہتا ہے۔


برطانوی اخبار ''دی انڈیپیڈنٹ'' کے مطابق ملائیشین طیارے ایم یچ 370 کی پاکستان اور افغانستان میں طالبان کے زیر اثر علاقوں میں نچلی پرواز کے انکشاف کے بعد ملائیشین حکام پاکستان کے شمال مغربی علاقوں میں طیارے کی تلاش کے لئے سفارتی اجازت لینے پر غور کررہے ہیں، اس سے قبل ملائیشیا کے لاپتہ طیارے کی پاکستان میں موجودگی کی میڈیا رپورٹس کو پاکستانی دفتر خارجہ مسترد کرچکا ہے۔ پاکستان کا کہنا تھا کہ ریڈار ریکارڈنگ میں طیارے کے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے، طیارے کی گمشدگی پر ہمیں بھی افسوس ہے اوراس حوالے سے پاکستان اپنی خدمات پیش کرنے کو بھی تیار ہے۔

واضح رہے کہ ملائیشین ایئرلائن کا طیارہ ایم ایچ 370 گزشتہ 9 روز سے لاپتہ ہے جس کی تلاش کے لئے دنیا کے 25 ترقی یافتہ ممالک مصروف ہیں تاہم ابھی تک طیارے کا کوئی سراغ نہیں ملا جب کہ تحقیقاتی ٹیموں کا یقین ہے طیارہ کسی سمندر یا جزیرہ پر گر کر تباہ نہیں بلکہ اسے بڑی مہارت کے ساتھ ہائی جیک کیا گیا ہے۔
Load Next Story