راولپنڈی رکشے میں سوار بہن بھائی کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا

مقتولہ کے بیٹے کو بھی ایک ماہ قبل اسلام آباد میں قتل کردیا گیا تھا، پولیس نے دونوں واقعات کی مشترکہ تحقیقات شروع کردی

مقتولہ نورین اختر اپنے بھائی ریاض کے ساتھ رکشے میں سوار تھی کہ نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی (فوٹو فائل)

تھانہ صادق آباد کے علاقے ٹرالی اڈا کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے رکشے میں سوار بہن بھائی کو قتل کردیا۔مقتولہ کے بیٹے کو بھی ایک ماہ قبل اسلام آباد میں قتل کردیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ نورین اختر اپنے بھائی ریاض کے ساتھ رکشے میں سوار تھی کہ نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی۔گولیاں لگنے سے دونوں بہن بھائی موقع پر جاں بحق ہوگے۔


ایس ایس پی انویسٹی گیشن اکبر نیازی نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کی نگرانی کی۔ پولیس ترجمان کے مطابق مقتولہ خاتون کے بیٹے 22 سالہ حیدر علی کو بھی ایک ماہ قبل اسلام آباد میں قتل کردیا گیا تھا، جس کا مقدمہ تھانہ کھنہ میں درج ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد کی پولیس نے 3 قتل کی وارداتوں کی مشترکہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔

دریں اثنا پولیس نے ریسکیو 1122 کی مدد سے دونوں بہن بھائیوں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا۔قتل کا مقدمہ تھانہ صادق آباد میں درج کیا جائے گا۔آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
Load Next Story