ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ 22818 روپے کی سطح پر پہنچ گئی

اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1.50 روپے کے اضافے سے 234.50 روپے کی سطح پر بند ہوئی

فوٹو: فائل

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 2.76 روپے کے اضافے سے 228.18 روپے کی سطح پر آگئی۔

حکومت کی جانب تمام تر اقدامات کے باوجود ڈالر بے لگام ہوتا نظر آرہا ہے، سیلاب کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں پاکستان کو 20 ارب ڈالر کے زراعت اور اسٹرکچرل نقصانات کے سبب ڈالر کو قابو کرنا مشکل ہوگیا۔

جمعہ کو بھی ڈالر کی پیش قدمی جاری رہی جس کے سبب ڈالر کے انٹربینک ریٹ، اوپن مارکیٹ ریٹ 234 روپے سے بھی تجاوز کرگئے۔ انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے میں بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے سبب ایک موقع پر ڈالر کی قدر 229 روپے سے بھی تجاوز کرگئی تھی تاہم بعد دوپہر طلب قدرے گھٹنے سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 2.76 روپے کے اضافے سے 228.18 روپے کی سطح پر بند ہوئے۔


اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1.50 روپے کے اضافے سے 234.50 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

سیلاب کی وجہ سے درآمدات پر انحصار بڑھنے اور درآمدات کے لیے اضافی ڈالر کی ضرورت نے ڈالر کو بے لگام کردیا ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق 16ارب ڈالر تک نہ آنے سے پاکستان کو آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے باوجود دوست ممالک سے فنانسنگ کے حصول میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

دوست ممالک سے فنانسنگ کی سہولت حاصل کرنے کے لیے پاکستان کو آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت اپنے زرمبادلہ کے ذخائر کو 16ارب ڈالر تک پہنچانا ہوگا جو فی الوقت 14 ارب 47 کروڑ ڈالر کے گرد گھوم رہے ہیں اور دوست ممالک سے مطلوبہ فنانسنگ بھی نہیں کی جارہی ہے۔

ان چیلنجز نے روپیہ کو بے قدر کرنا شروع کردیا ہے اور ڈالر کی تیز رفتاری کے ساتھ پیش قدمی جاری ہے۔
Load Next Story