کراچی سے چھینی گئی 109 کاریں 965موٹر سائیکلیں مالکان کے حوالے

پولیس عوام کی جان ومال کی حفاظت کرکے لیے ہر لمحہ کوشاں ہے،کراچی پولیس چیف

فوٹو: فائل

اینٹی وہیکل پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں سے چوری اور چھینی گئیں 109 کاریں اور 965 موٹر سائیکلیں برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کردی ہیں۔

ایس ایس پی اے وی ایل سی طارق نوار نے شریف آباد آفس میں اس حوالے سے تقریب کا انعقاد کیاجس کے مہمان خصوصی کراچی پولیس چیف جاوید عالم تھے۔

اس موقع پر کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کراچی سے چھینی و چوری کی گئیں 109 کاریں ملک کے مختلف شہروں سے برآمد کرکے کراچی منتقل کی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح 965 مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد اور 3 ہزار 844 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا زیادہ تر کاریں اور موٹر سائیکلیں ملزمان کی نشاندہی پر برآمد کی گئیں۔برآمد کی جانے والی گاڑیوں میں ویگو ، کرولا ، مہران اور دیگر گاڑیاں شامل ہیں۔


ان کا کہنا تھا کہ پولیس عوام کی جان ومال کی حفاظت کرکے لیے ہر لمحہ کوشاں ہے یہ تقریب بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ کراچی پولیس چیف نے کہا کہ چھان بین کے بعد باعزت طریقے سے اصل مالکان کو گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں حوالے کی گئیں، پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھر پور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

کراچی پولیس چیف نے اے وی ایل سی کی ریکوری ٹیم کے لیے سی سی ون سرٹیفیکٹ اور نقد انعام کا اعلان کیا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی سی آئی اے کریم خان کا کہنا تھا کراچی ایک زندہ شہر ہے تاجروں کے تعاون سے سی سی ٹی وی بڑھا رہے ہیں ہر جگہ پولیس اہلکار کھڑا نہیں ہوسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ جدید انداز سے کام کرنا ہوگا، شہر میں ہزاروں موٹر سائیکلیں پارکنگ سے چوری ہوتی ہیں ، آپریشن کے دوران 17 ملزم ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں ، رواں سال کے دوران 32 ہزار مقدمات بھی درج ہوئے ہیں۔
Load Next Story