لیسکو کا 30 لاکھ صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ریلیف

ایف پی اے کی مد میں صارفین کو کل 6 ارب 43 کروڑ کا ریلیف دیا گیا، لیسکو

فوٹو:فائل

لیسکو نے 30 لاکھ صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 6 ارب 43 کروڑ روپے کا ریلیف فراہم کر دیا۔

چیف ایگزیکٹو لیسکو چوہدری محمد امین نے کہا ہے کہ لیسکو نے وزیراعظم پاکستان کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ریجن بھر کے کل 30لاکھ صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ریلیف فراہم کیا، جس میں گھریلو اور زرعی صارفین شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت توانائی اور سیکریٹری پاور ڈویژن راشد محمود کی ہدایت کے مطابق تمام صارفین کو نہ صرف تصیح شدہ تقسیم کیے گئے بلکہ ان کی مقررہ تاریخ میں بھی اضافہ کیا گیا تاکہ معزز صارفین بناء کسی پریشانی کے اپنے بجلی کے بل جمع کروا سکیں۔


لیسکو چیف کے مطابق ایف پی اے کی مد میں صارفین کو کل 6 ارب 43 کروڑ کا ریلیف دیا گیا، 200 یونٹ تک استعمال کرنے والے 20 لاکھ 71 ہزار صارفین کو 2 ارب 18 کروڑ 70 لاکھ روپے کا ریلیف دیا گیا جبکہ 300 یونٹ تک استعمال کرنے والے 10 لاکھ 21 ہزار صارفین کو 2 ارب 94 کروڑ کا ریلیف فراہم کیا گیا۔

چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر لیسکو کے زیر انتظام 46ہزار زرعی ٹیوب ویلز کو ایک ارب 30 کروڑ روپے کا ریلیف دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لیسکو کے تمام سرکلز نے صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ریلیف کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا، اس ضمن میں متعلقہ اسٹاف نے صارفین کی سہولت کے لیے ہفتہ وار چھٹیوں کے دوران بھی دفتری امور جاری رکھے۔

لیسکو چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ لیسکو اپنے صارفین کو بہتر سے بہتر سروسز فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر کوشاں ہے۔
Load Next Story