انضمام الحق نے شعیب ملک شان مسعود اور شرجیل کو موقع دینے کی حمایت کردی

جنھیں موقع ملا اگر وہ پرفارم نہیں کرسکے تو ان کی جگہ دوسروں کو آنا چاہیے، سابق کپتان و چیف سلیکٹر

جنھیں موقع ملا اگر وہ پرفارم نہیں کرسکے تو ان کی جگہ دوسروں کو آنا چاہیے، سابق کپتان و چیف سلیکٹر۔ (فوٹو: ایکسپریس ویب)

انضمام الحق کو بھی قومی ٹیم میں تبدیلیوں کی ضرورت محسوس ہونے لگی،انھوں نے شعیب ملک، شان مسعود اور شرجیل خان کو موقع دینے کی حمایت کردی۔

لاہور میں ایک تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان و چیف سلیکٹر نے کہا کہ ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی، زیادہ تشویش کی بات یہ ہے کہ مڈل آرڈر نے پرفارم نہیں کیا،آسٹریلیا میں ورلڈکپ کی کنڈیشنز بھی مختلف ہوں گی،ان کو پیش نظر رکھتے ہوئے سلیکٹرز کو تبدیلیاں کرنا چاہئیں،میرے خیال میں شعیب ملک، شان مسعود اور شرجیل خان کو موقع دینا ہوگا،خاص طور پر مڈل آرڈر میں شعیب اچھا کردار ادا کرسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: فائنل میں شکست؛ گرین شرٹس کی ناقص پلاننگ کا پول کھل گیا


انھوں نے کہا کہ بینچ پر حیدر علی بیٹھے تھے،ایشیا کپ میں ان کو بھی آزمانا چاہیے تھا،جنھیں موقع ملا اگر وہ پرفارم نہیں کرسکے تو ان کی جگہ دوسروں کو آنا چاہیے،انگلینڈ سے ہوم سیریز ورلڈکپ کیلیے پلاننگ اور تیاری مکمل کرنے کا اچھا موقع ہے،آسٹریلوی کنڈیشنز کیلیے موزوں کرکٹرز کا انتخاب کرکے ان کو کھلائیں۔

مزید پڑھیں: قومی ٹی 20 کپ میں شرجیل نے 60 بالز پر سنچری بنا دی،سندھ کامیاب

انضمام الحق نے کہا کہ اگرچہ بیٹنگ میں زیادہ مسائل رہے، بولرز نے بہتر پرفارم کیا مگر کمزوریوں کو نظر انداز نہیں کرسکتے،اختتامی اوورز میں ہم رنز نہیں روک پائے،ان مسائل پر قابو پانے کیلیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
Load Next Story