نسیم شاہ نے سیلاب متاثرین کیلیے اپنا بلا شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو دے دیا

ایشیا کپ میں افغانستان کیخلاف میچ میں نسیم شاہ نے اس بلے سے دو چھکے لگا کر فتح دلوائی تھی

فوٹو : ویڈیو سے لیا گیا اسکرین گریب

پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے اپنا بلا شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے حوالے کر دیا، انہوں نے افغانستان کے خلاف اس بلے سے دو چھکے لگا کر ٹیم کو فتح دلوائی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نسیم شاہ نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ''یہ بلا میرے لیے بہت قیمتی ہے لیکن پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے جو حالات ہیں اس کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ بلا شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو دے رہا ہوں''۔



انہوں نے یہ بھی کہا کہ ''ملک میں جب بھی مشکل آتی ہے تو شاہد آفریدی فاؤنڈیشن غریب اور حقدار لوگوں کی بہت مدد کرتے ہیں جبکہ میری لالا سے خصوصی گزارش ہے کہ سوات اور لوئر دیر کے علاقوں کو ترجیح دی جائے''۔

مزید پڑھیں: محمد حسنین نے اپنا بلا نسیم شاہ کو تحفے میں دے دیا


شاہد آفریدی فاؤنڈیشن نے بھی نسیم شاہ کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ اس قیمتی بلے سے حاصل کردہ رقم کے ذریعے متاثرین کی مدد کی جائے گی۔



واضح رہے کہ نسیم شاہ نے میچ میں فتح کے بعد اپنا بلا نیلامی کے لیے پیش کیا تھا جس سے جمع ہونے والی رقم سیلاب متاثرین کے لیے استعمال ہونی تھی۔

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کو افغانستان کے خلاف جیت کے لیے آخری اوور میں 11 رنز درکار تھے جبکہ قومی ٹیم کی ایک وکٹ باقی تھی، اس دوران نسیم شاہ نے آخری اوور کی ابتدائی دو گیندوں پر لگاتار دو چھکے لگا کر ٹیم کو فتح دلوائی تھی۔

پاکستان نے میچ جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا جبکہ قومی ٹیم کی فتح سے بھارت اور افغانستان ایشیا کپ سے باہر ہوگئے تھے۔
Load Next Story