شہباز گل کے پاسپورٹ کی واپسی سے متعلق درخواست پر پولیس سے جواب طلب

عدالت نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے بیس ستمبر کو پولیس سے جواب طلب کرلیا

(فوٹو فائل)

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شہباز گل نے پاسپورٹ سمیت دیگر اشیاء کی سپرداری کیلئے درخواست دائر کردی، جس پر عدالت نے 20 ستمبر کو پولیس سے جواب طلب کرلیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شعیب اختر نے اداروں کو بغاوت پر اکسانے سے متعلق کیس میں شہباز گل کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے پولیس سے جواب طلب کرلیا، سماعت کے دوران شہباز گل کی جانب سے ایڈووکیٹ محمد علی بخاری عدالت پیش ہوئے۔


اپنی درخواست میں شہباز گل نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ میری ضمانت ہو چکی ہے اور میرا ذاتی استعمال کا سامان پولیس کے قبضہ میں ہے، لہذا سامان واپسی کے لیے عدالت پولیس کو پابند کرے۔

انہوں نے درخواست میں لکھا کہ پاسپورٹ، شناختی کارڈ ، گرین گارڈ ،اے ٹی ایم کارڈز ، موبائل و دیگر سامان پولیس کی تحویل میں ہے عدالت سپرداری کے لیے پولیس کو حکم جاری کرے۔ عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ سماعت20 ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پر پولیس سے جواب طلب کرلیا۔
Load Next Story