راولپنڈی میں ڈینگی کیسز میں اضافہ مریضوں کی تعداد 1400 سے تجاوز کرگئی

محکمہ صحت کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں فوگنگ اسپرے اور لاروا سرویلنس تیز کردی گئی ہے

فوٹو: فائل

راولپنڈی میں ڈینگی وائس کے کیسز میں مسلسل اضافے کے باعث اسپتالوں میں مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، تاحال اسپتالوں کے 55 فیصد بیڈز پر مریض موجود ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رواں سیزن میں ابتک ڈینگی کا شکار ہونے والے مریضوں کی تعداد 1403 ہوچکی ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 76 ڈینگی پازٹیو نئے مریض آچکے ہیں۔

تین اسپتالوں میں ڈینگی پازٹیو کے مریضوں کی تعداد 145 ہوچکی ہے، تین ہسپتالوں میں 5 ڈینگی مریض تشویشناک حالت سے دوچار ہیں، اسی طرح تین اور اسپتالوں کے 404 بیڈز پر 236 مریض موجود ہیں۔


محکمہ صحت کے مطابق یومیہ آنے والے مریضوں کی تعداد 80 سے 100 تک ریکارڈ کی گئی ہے، اس وقت بے نظیر بھٹو جنرل اسپتال میں 97 مریض داخل ہیں جب کہ ہولی فیملی میں 60 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں 79 مریض زیر علاج ہیں۔

ڈینگی کا شکار مریضوں کی اکثریت کا تعلق پوٹھوہار ٹاؤن کی یونین کونسلوں گرجاچک جلال دین اور دھاماں سیداں سے ہے۔

محکمہ صحت کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں فوگنگ اسپرے اور لاروا سرویلنس تیز کردی گئی ہے رواں سیزن میں ابتک ڈینگی سے ایک مریض کی موت ہوچکی ہے۔
Load Next Story