کراچی اور حیدرآباد میں بچوں کی کوویڈ ویکسی نیشن مہم کا آغاز

مہم کے دوران 25 لاکھ بچوں کو ویکسین لگائی جائے گی

فوٹو : ایکسپریس نیوز

کراچی اور حیدرآباد میں 5 سے 11 سال تک کے بچوں کی فائزر کوویڈ ویکسی نیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، اس دوران 25 لاکھ بچوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ ممتاز علی چنہ نے خاتونِ پاکستان گرلز اسکول میں بچوں کی ویکسی نیشن مہم کا افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد کورونا سے بچاؤ کے لیے بڑوں کے بعد بچوں کو بھی محفوظ بنانا ہے، عالمی وبا کورونا سے بچاؤ کے لیے مہم چھ روز جاری رہے گی جبکہ بچوں کے ب فارم پر عمر کی تصدیق کرکے 650 سے زائد ٹیمیں کراچی کی ہر یونین کونسل میں بچوں کو فائزر ویکسین لگائیں گی۔


اس موقع پر محمد ڈی ایچ او ایسٹ نعیم راجپوت نے کہا کہ ویکسین بالکل محفوظ ہے، اس سے بخار ہوسکتا ہے لیکن ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ بیرون ملک میں گزشتہ 8 ماہ سے یہ ویکسین بچوں کو لگائی جا رہی ہے، صرف اسکول حکام کے دباؤ میں ویکسین مت لگوائیں بلکہ اس کی اہمیت پر غور کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 24 ستمبر تک جاری رہنے والی مہم میں بچوں کو فائزر ویکسین لگائی جائے گی اور ویکسین کے ذریعے ہم اپنے بچوں کو محفوظ رکھ سکتے ہیں جبکہ بچوں کی صحت اور ان کا مستقبل محفوظ ہوسکتا ہے۔

اس حوالے سے ویکسین لگوانے والے بچوں نے دیگر کو پیغام دیا کہ وہ بھی خوف زدہ نہ ہوں ڈرنے کی بات نہیں ہے، ویکسین سب کو لگوانی چاہیے اور افواہوں سے دور رہیں۔
Load Next Story