جڑواں شہروں میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے زائد ہوگئی

اسلام آباد میں ڈینگی سے کوئی موت نہیں ہوئی جب کہ راولپنڈی میں ایک ڈینگی سے ایک شخص ہلاک ہوا

فوٹو فائل

جڑواں شہروں میں دینگی کے وار میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، اسلام آباد میں دینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 1456 جب کہ راولپنڈی میں ابتک 1558 ڈینگی میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی مریضوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اب تک اسلام آباد میں ڈینگی متاثرین کی تعداد 1456 ہوچکی ہے تاہم گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ڈینگی میں مبتلا کسی بھی مریض کی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ شہر میں اب تک ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہوچکی ہے جب کہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 68 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈی ایچ او کی رپورٹ کے مطابق شہری علاقوں میں 33 کیسزجبکہ دیہی علاقوں میں 35 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد دیہی علاقوں میں کیسز کی تعداد 891 تک جا پہنچی جب کہ شہری علاقوں میں ڈینگی کیسز کی تعداد 565 ہو گئی۔


ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایات پر ڈینگی روک تھام کے حوالے سے اینٹی ڈینگی وائرس اسپرے کیا جا رہا ہے، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ ایم سی آئی کے عملے نے جی ٹین اور جی الیون، ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے ترنول کے ایریا میں اسپرے کیا جب کہ اسسٹنٹ کمشنر صدر نے ماہرین حیاتیات کے ہمراہ سپر ویژن کی۔

دوسری جانب راولپنڈی میں بھی ڈینگی کی شدت کم نہیں ہوسکی ہے، اسپتالوں میں مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، رواں سیزن میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 1558 ہوچکی ہے جب کہ ایک مریض زندگی کی بازی ہار چکا ہے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 77 ڈینگی پازٹیو نئے مریض آگئے، تین اسپتالوں کے 404 بیڈز پر 218 مریض، بینظیر بھٹو جنرل اسپتال میں 87 مریض، ہولی فیملی میں 71 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں 60 مریض داخل ہیں۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ تین اسپتالوں میں ڈینگی پازٹیو مریض 133 ہوگئے، جن میں سے اکثر مریضوں کا تعلق دھاماں سیداں اور چک جلال دین سے ہے.

محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ علاقوں میں فوگنگ اسپرے اور لاروا سرویلنس تیز کردی ہے۔
Load Next Story