سندھ کے مسائل کا حل نواز شریف کا ایجنڈا نہیں قادر مگسی

کسی کو عوام کی فکر نہیں، تعلیم ختم، منشیات کھلے عام چل رہی ہے، میٹ دی پریس سے خطاب

کسی کو عوام کی فکر نہیں، تعلیم ختم، منشیات کھلے عام چل رہی ہے، میٹ دی پریس سے خطاب. فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف نے منتخب ہونے سے قبل سندھ کے مسائل حل کرنے کے جو وعدے کیے تھے اب لگتا ہے وہ ان کے ایجنڈے پر ہی نہیں ہیں۔


ان خیالات کا اظہار سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے شاہ پور چاکر پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اب تک سندھ کیلیے کسی بھی بڑے پروجیکٹ کا آغاز نہیں کیا، تھر کے قحط کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جب کئی ماہ قبل تھر میں مور مررہے تھے اس وقت سندھ حکومت گہری نیند سورہی تھی، سندھ حکومت ناکام ہوچکی ہے، شہروں میں گندگی کے ڈھیر اور سڑکیں تباہ ہو چکی ہیں۔ تعلیم ختم مگر منشیات کھلے عام چل رہی ہے۔

حکومت اپنے ملازموں کو تنخواہ بھی ادا نہیں کرتی جس سے ان کے گھروں میں فاقہ کشی ہو رہی ہے ، انھوں نے کہا کہ کراچی آپریشن میں مصلحت پسندی سے کام لیا جارہا ہے، انھوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن کرنے والی اتھارٹی کو6 ماہ کا ٹاسک دیا جائے اور کسی بھی مصلحت پسندی سے کام نہ لیا جائے۔ پریس کلب آمد پر پریس کلب کے صدر نواز بروہی اور پریس کلب کے جنرل سیکریٹری ملک عبدالرزاق نے قادر مگسی کو اجرک پیش کی، قبل ازیں قادر مگسی نے گوٹھ خان محمد بگٹی میں جاکر سندھ یونیورسٹی میں شہید ہونیوالے کے کارکن نور احمد بگٹی کے والد خان محمد بگٹی اور دیگر ورثا سے تعزیت کا اظہار کیا۔
Load Next Story