وزیرداخلہ کی ایم کیو ایم کو لاپتہ کارکنان کی جلد بازیابی کی یقین دہانی

جنہوں نے لاپتہ کیا ان کو سزا نہیں دلوانا چاہتے، بس ہم اپنے پیاروں کو واپس دیکھنا چاہتے ہیں، خالد مقبول

فوٹو:فائل

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ایم کیو ایم کے لاپتہ افراد کی جلد واپسی اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان کے لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد پہنچ گئے۔

بہادرآباد میں رانا ثناء اللہ نے کنوینئر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی دیگر رہنماؤں اور لاپتہ کارکنان کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوارن ایم کیو ایم کے لاپتہ کارکنان کی لاشیں ملنے کے واقعات پر گفتگو ہوئی، اہلِ خانہ نے کہا کہ ہمارے فیملی ممبرز کئی کئی سال سے لاپتا ہیں، آپ کیا کررہے ہیں؟


اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پوری کوشش ہوگی کہ لاپتا افراد کی واپسی اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں، مسنگ پرسنز کا مسئلہ اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پم نے ایم کیو ایم کو یقین دلایا ہے کہ ہم لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے کوئی کسر اٹھا باقی نہیں رکھیں گے، اس معاملے سے پاکستان کی پوری دنیا میں بدنامی ہوتی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ لاپتہ افرادکی تلاش میں جو ہوسکا پوری کوشش کرینگے کیوں کہ ایم کیوایم کارکنوں کی بازیابی ریاست کے ذمے ہے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں افراد کے لاپتہ ہونے کا معاملہ بند ہونا چاہیے، ہمارے احتجاج کو دہشت گردی کہنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنہوں نے لاپتہ کیا ان کو سزا نہیں دلوانا چاہتے، بس ہم اپنے پیاروں کو واپس دیکھنا چاہتے ہیں۔
Load Next Story