ایک تقرری سب پر بھاری ہوگئی وقت آنے پر صوبائی اسمبلیاں توڑی جاسکتی ہیں شیخ رشید

الیکشن کی طرف جانا ہے یا بند گلی میں،اس کا فیصلہ ہونے والا ہے، سابق وزیر داخلہ

آج 70 وزرا 2 کے اضافے کے بعد تعداد میں 72 ہوگئے ہیں، سربراہ عوامی مسلم لیگ

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایک تقرری سب پر بھاری ہوگئی ہے۔وقت آنے پر صوبائی اسمبلیاں توڑی جاسکتی ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ آج 70 وزرا 2 کے اضافے کے بعد تعداد میں 72 ہوگئے ہیں۔لوگ سیلاب اور ڈینگی سے مر رہے ہیں، یہ امریکا کے مہنگے ترین ہوٹلوں میں قیام کر رہے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایک تقرری سب پر بھاری ہوگئی ہے۔وقت آنے پر صوبائی اسمبلیاں توڑی جاسکتی ہیں۔ پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ رہی ہے جب کہ الیکشن ہی ملکی استحکام کا واحد حل ہے۔


پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رات گئے ہونے والے رد و بدل کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ رات 2 بجے پٹرول پر شب خون مار کے 1.50 روپے اضافہ کر دیا ہے۔ ہر روز روپے کی قدر میں کمی،اجناس، پٹرول اور بجلی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طاقتور بےقصور اور غریب قصوروار ٹھہرے ہیں۔ الیکشن کی طرف جانا ہے یا بند گلی میں،اس کا فیصلہ ہونے والا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ہائی کورٹ نے پیناڈول دلائی،اب آٹا بھی دلائے۔

شیخ رشید نے ایک دوسرے ٹوئٹ میں کہا کہ ابھی عمران خان کی کال نہیں آئی،سیکڑوں کنٹینرز اسلام آباد آگئے ہیں۔30 ہزار کی نفری منگوائی گئی ہے۔رنجیت سنگھ کی سوچ اسلام آباد کو پانی پت کا میدان بناناچاہتی ہے۔27 کلومیٹر کی حکومت اپنے گرد خود سارے صوبوں کا حصار بنوانے کی ذمے دار ہے۔عوام کا فیصلہ دوٹوک ہے، الیکشن کراؤ اورگھر جاؤ۔
Load Next Story