کراچی کے علاقے میٹروول میں رینجرز کی فائرنگ سے 2 نوجوان زخمی

رکنے کےاشارے پر موٹر سائیکل سواروں نے رینجرز پرفائرنگ کی جس کے جواب میں رینجرز کی فائرنگ سے 2 ملزمان زخمی ہوئے، رینجرز

ثاقب، ندیم اور دانش مزدور ہیں جرائم پیشہ نہیں، وہ فیکٹری سے آرہے تھے کہ رینجرز نے فائرنگ کی، اہلخانہ فوٹو؛ایکسپریس نیوز

میٹروول سائٹ میں رینجرز کی فائرنگ سے 2 نوجوان زخمی جب کہ ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے میٹروول سائٹ میں خیبر چوک کے قریب موٹر سائیکل پر سوار ثاقب، دانش اور ندیم کو رینجرز اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ کیا تاہم درمیان میں ٹرک کے باعث وہ اشارہ نہ دیکھ سکے جس پر رینجرز اہلکار نے فائرنگ کردی اور اس کے نتیجے میں گولی موٹرسائیکل کے سب سے پیچھے بیٹھے ثاقب کے جسم کو چیرتے ہوئے درمیان میں بیٹھے ندیم کے جسم میں پیوست ہوگئی۔


رینجرز کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے جواب میں رینجرز کی فائرنگ سے دو ملزمان زخمی جب کہ تیسرا فرار ہوگیا۔ رینجرز کا کہنا ہے زخمی ملزمان سے ٹی ٹی پستول اور 6 گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

واقعہ کے بعد ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ زخمیوں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ثاقب، ندیم اور دانش فیکٹری سے کام ختم کرنے کے بعد گھر آرہے تھے کہ ان پر رینجرز اہلکاروں نے فائرنگ کی جس سے ثاقب اور ندیم زخمی جب کہ دانش کو رینجرز نے حراست میں لے لیا ہے، تینوں مزدور ہیں جرائم پیشہ نہیں۔
Load Next Story