کراچی میں ڈینگی کیسز کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کرگئی

شہر قائد میں رواں سال رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کرگئی

فوٹو: فائل

شہر قائد میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 297 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد رواں سال رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

کراچی میں ڈینگی ہر دن گزرنے کے ساتھ خطرناک ہونے لگا۔ شہر میں ڈینگی کے مزید 297 کیسز سامنے آگئے۔ دوسری جانب حکومت اور انتظامیہ شہریوں کو احتیاط کے مشوروں کے علاوہ کچھ نہیں کررہی۔ رواں سال کراچی میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 6050 ہوگئی جبکہ صرف ستمبر میں اب تک 3843 مریض سامنے آچکے ہیں۔


طبی ماہرین کا ماننا ہے کہ مریضوں کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔ اب تک کراچی میں اس سال 30 افراد ڈینگی کے ہاتھوں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ محکمہ صحت سمیت متعلقہ اداروں کی کارکردگی شہریوں کو ڈینگی سے بچاؤ کے مشوروں تک ہی محدود ہے۔

ان 30 اموات میں سے 10 کا تعلق ضلع شرقی ، 13 کا ضلع وسطی، 1 کا کورنگی، 3 کا ضلع جنوبی، 1 کا غربی اور 2 کا ضلع ملیر سے ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 86 ڈینگی کیسز ضلع کورنگی میں رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ سب سے کم 2 ڈینگی کیسز ضلع کیماڑی میں رپورٹ ہوئے ہیں، اسی طرح ضلع شرقی میں 82،ضلع وسطی میں 66،ضلع جنوبی میں 25 کیسز سامنے آئے جبکہ ضلع غربی میں 11 اور ضلع ملیر میں 25 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

 
Load Next Story