شاہنواز دھانی کی پٹائی پر شائقین کاجوش ٹھنڈا پڑگیا

تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ’’ہائوس فل‘‘ رہا،صدرمملکت نے بھی میچ دیکھا

تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ’’ہائوس فل‘‘ رہا،صدرمملکت نے بھی میچ دیکھا۔ فوٹو: پی سی بی

تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی ''ہاؤس فل'' ہوگیا جب کہ شاہنواز دھانی کی پٹائی ہونے پر شائقین کاجوش ٹھنڈا پڑگیا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی ''ہاؤس فل'' رہا، تماشائیوں کو اسٹیڈیم لانے کے لیے شٹل بس سروس موجود رہی، شائقین سہ پہر 3 بجے سے ہی اسٹیڈیم پہنچنا شروع ہوگئے تھے، 7 بجے کے بعد تعداد یکدم بڑھ گئی،آغاز کے بعد بھی اسٹیڈیم کے باہر لمبی قطاریں لگی رہیں۔

مقابلے کے دوران تماشائی پْرجوش نعرے لگاتے رہے، شاہنواز دھانی بولنگ کرنے آئے تو آواز آئی'' آیا آیا شیر آیا'' تاہم پیسر کی پٹائی ہوئی تو جوش ٹھنڈا پڑ گیا، تماشائی وقفے وقفے سے موبائل کی ٹارچ جلا کر ماحول بناتے رہے، میچ میں وی آئی پی کلچر کی روایت قائم رہی۔

مزید پڑھیں: صدر مملکت نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹی20 اسٹیڈیم میں دیکھا


اسٹیڈیم میں مفت داخلے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد دروازوں پر جمع رہی، کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلیے ایمبولینس اور طبی عملہ گراؤنڈ میں موجود رہا، نیشنل اسٹیڈیم میں اوول گراؤنڈ کے قریب قائم ایمرجنسی اسپتال میں درجنوں افراد نے علاج کے لیے رجوع کیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی آمد کے سبب نیشنل اسٹیڈیم میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے چیئرمین باکس سمیت دیگر مقامات پر چیکنگ کی۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹی20 میں 63رنز سے شکست دے دی

صدر نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کے ہمراہ چیئرمین باکس میں بیٹھ کر میچ دیکھا، اسٹیڈیم میں موجود قیدیوں کو لے جانے والی گاڑیاں اپنے مسافروں کی منتظر رہیں تاہم کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

ایک دوشیزہ بابر اعظم سے رشتہ قائم کرنے کا پوسٹر لیے کھڑی رہی، اس کا کہنا تھا کہ والدہ میرے لیے رشتہ تلاش کر رہی ہیں، میں نے سوچا کہ بابر کو تجویز کر دوں۔
Load Next Story