ڈالر کی بے قدری ٹویوٹا گاڑیوں کی قیمتوں میں 75 ہزار روپے تک کمی

انڈس موٹر کمپنی نے روپے کی قدر میں استحکام کا فائدہ صارفین کو منتقل کرتے ہوئے گاڑیوں کی قیمت میں کمی کا اعلان کردیا۔

انڈس موٹر کمپنی نے روپے کی قدر میں استحکام کا فائدہ صارفین کو منتقل کرتے ہوئے گاڑیوں کی قیمت میں کمی کا اعلان کردیا۔ فوٹو:اے ایف پی

انڈس موٹر کمپنی نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام آنے کا فائدہ صارفین کو منتقل کرتے ہوئے گاڑیوں کی قیمت میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔


ٹیوٹا گاڑیاں بنانے والی اور اس کی ڈسٹری بیوٹر انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ (آئی ایم سی) نے گاڑیوں کی قیمت میں 75 ہزار روپے تک کی کمی کا اعلان کیا ہے۔ انڈس موٹر کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر علی اصغر جمالی نے کہا کہ وزارت خزانہ کی کوششوں اور حکومتی اقدامات کے باعث روپے کی قدر میں استحکام خوش آئند ہے اور ان مشکل حالات میں روپے کی قدر کو مستحکم بنانے کے لیے حکومتی کوششیں قابل قدر ہیں، وزارت خزانہ نے روپے کی قدر کو بہتر بنانے کا جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کردکھایا، کمپنی فوری طور پر روپے کی قدر میں اضافے کا فائدہ صارفین کو منتقل کرہی ہے ۔ قبل ازیں، رواں برس کرولا ایکس ایل آئی اسٹینڈرڈ کی قیمت میں تقریباً 89ہزار روپے کی کمی کی گئی تھی اور اب انڈسٹری میں سب سے پہلے قیمتوں میں کمی کا اقدام کرتے ہوئے 75 ہزار روپے تک کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم سی نے ہمیشہ صارفین کے مفاد کو مقدم رکھا ہے اور ہمارا مقصد پاکستان میں معیاری مصنوعات قابل برداشت قیمتوں پر مہیاکرنا ہے، مقامی سطح پر گاڑیوں کے پرزوں کی تیاری، لوکلائزیشن کی کوششیں بھی اسی مقصد کی حامل ہیں کہ صارفین کے لیے ارزاں قیمت پر گاڑیاں بنائی جائیں، گاڑیوں کی قیمت میں کمی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب کاروباری لاگت میں توانائی بحران اور امن و امان کی مخدوش حالت کے باعث اضافہ ہورہا ہے اور ان کی وجہ سے سیکیورٹی اخراجات اور خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے کہاکہ انڈسٹری کے لیے ابھی روپے کی قدر میں استحکام کے مکمل فوائد کا تعین ہونا ہے تاہم ہم صارفین کو اولیت دیتے ہیں اس لیے اس کے فوائد فوری طور پر صارفین کو دیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایکس ایل آئی/ جی ایل آئی گاڑیوں پر 50 ہزار روپے اور الٹس کاروں کی قیمت میں 75 ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے، اسی طرح ہائی لکس رینج کی گاڑیوں میں 10ہزار سے 30 ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے۔
Load Next Story