بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری ایک دن میں 3 کشمیری نوجوان شہید

ضلع کلگام میں گزشتہ روز سے جاری سرچ آپریشن میں قابض بھارتی فوج نے انسانیت سوز مظالم کیے

نوجوانوں کو ضلع کلگام میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا، فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں 24 گھنٹوں میں تین کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع کلگام کے ایک گاؤں میں گزشتہ روز سے نام نہاد سرچ آپریشن جاری ہے جس کی آڑ میں گزشتہ روز ایک جب کہ آج دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا ہے۔

سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی اور بزرگوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔


اس دوران قابض بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گزشتہ روز ایک جوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا جو آج دم توڑ گیا جب کہ ایک اور نوجوان کو آج شہید کیا گیا۔

اس طرح صرف 24 گھنٹوں میں قابض بھارتی فوج کی جارحیت میں شہید ہونے والوں کشمیری نوجوانوں کی تعداد 3 ہوگئی۔ بھارتی فوج نے نوجوانوں کی لاشیں لواحقین کو دینے سے انکار کردیا۔ والدین اپنے پیاروں کی لاشوں کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔

واضح رہے کہ اسی علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بھارتی پیراملٹری فورس کے دو اہلکار زخمی ہوگئے تھے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی تھی۔

 
Load Next Story