کے الیکٹرک کیلئے بجلی 4 روپے 87 پیسے سستی کرنے کی منظوری

حکومت 15 روپے فی یونٹ ٹیرف میں سبسڈی دے رہی ہے، کیس افسر نیپرا

فوٹو فائل

نیپرا نے کے الیکٹرک کی درخواست پر صارفین کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 87 پیسے کمی کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں کے الیکٹرک کے فیول ایڈجسمنٹ سماعت کرتے ہوئے چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کے الیکٹرک صارفین کو 7 ارب روپے سے زائد کا ریلیف فراہم کردیا۔

کے الیکٹرک کی جانب سے اگست کی فیول ایڈجسمنٹ میں 4 روپے 21 پیسے فی یونٹ بجلی سستی کرنے کی تجویز دی گئی تھی تاہم نیپرا نے کے الیکٹرک کےلیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 87 پیسے کمی کی منظوری دے دی۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک صارفین کو 7 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف حاصل ہوگا۔


نیپرا حکام کے مطابق کے الیکٹرک کی اپنی بجلی پیداوار کی لاگت 38 روپے فی یونٹ ہے،جب کہ کےالیکٹرک جو بجلی خریدتا ہے اس کی لاگت 13.61 روپے فی یونٹ ہے۔

سماعت کے دوران چیئرمین نیپرا نے سوال کیا کہ کے الیکٹرک بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے کیلئےکیا کررہی ہے، جس پر کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ پیداواری لاگت کم کرنے کیلئےقابل تجدید توانائی اور گیس پر پیداوار بڑھانے کا پروگرام ہے۔

چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ کےالیکٹرک کو پیداوار سے 24 روپے فی یونٹ سستی بجلی مل رہی ہے، کے الیکٹرک اپنی سستی پیداوار بڑھانے کیلئے اپنے اقدامات پر ریگولیٹر کو بتائے۔

اس دوران نیپرا کے کیس افسر نے کہا کہ حکومت 15 روپے فی یونٹ ٹیرف میں سبسڈی دے رہی ہے۔
Load Next Story