صرف ایک اوور نے عامر جمال کو عالمی کرکٹ میں پہچان دیدی

پڑھائی اور والد کے ٹرانسپورٹ بزنس پر کھیل کو ترجیح، ٹیم میں جگہ بنالی

پڑھائی اور والد کے ٹرانسپورٹ بزنس پر کھیل کو ترجیح، ٹیم میں جگہ بنالی ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

انگلنڈ کے خلاف پانچویں ٹی20 انٹرنیشنل میں آخری اوور نے عامر جمال کو عالمی کرکٹ میں پہچان دے دی، پڑھائی اور والد کے ٹرانسپورٹ بزنس پر کھیل کو ترجیح دینے والے کرکٹر نے بالآخر قومی ٹیم میں جگہ بنالی۔


آل راؤنڈر کا تعلق میانوالی کے گائوں کلور شریف سے ہے، ان کے والد کا ٹرانسپورٹ کا کاروبار ہے، عامر جمال میانوالی میں ٹینس بال سے شوقیہ کرکٹ کھیلا کرتے تھے، دوستوں کے ساتھ سیر و تفریح کی غرض سے اسلام آباد پہنچے تو ہارڈ بال کرکٹ نے انھیں اپنی جانب متوجہ کیا، انھوں نے میانوالی واپس جا کر اپنے والد سے خواہش کا اظہار کیا لیکن انھوں نے یہ بات واضح کر دی کہ پڑھائی پر توجہ دو یا پھر ٹرانسپورٹ کے کاروبار میں میرا ہاتھ بٹائو، عامر کے دماغ پر کرکٹ چھائی ہوئی تھی انھوں نے واپس اسلام آباد آ کر کلب کرکٹ شروع کر دی۔

جون 2013 میں انھوں نے اسلام آباد انڈر 19 کی نمائندگی کی، کریئر اتار چڑھائو کا شکار رہا لیکن وہ حوصلہ نہیں ہارے، ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کپ میں اعداد و شمار کے لحاظ سے عامر کی کارکردگی غیرمعمولی نہیں تھی لیکن سلیکٹرز نے ٹیلنٹ کو دیکھتے ہوئے انھیں پاکستانی اسکواڈ میں شامل کیا۔
Load Next Story