ملائیشین طیارہ تاحال لاپتہ ٹائی ٹینک تلاش کرنیوالے بھی سامنے آگئے

آسٹریلوی وزیراعظم کا چینی صدر کو فون، بیٹری ختم ہونے سے قبل بلیک باکس حاصل کرنا ضروری ہے، ماہرین

آسٹریلوی وزیراعظم کا چینی صدر کو فون، بیٹری ختم ہونے سے قبل بلیک باکس حاصل کرنا ضروری ہے، ماہرین۔ فوٹو: فائل

ملائیشیا کے بدقسمت بوئنگ مسافر طیارے کی گمشدگی کو 14 روز ہو گئے، بحرہند میں خراب موسم کے باعث بند کیا جانے والا سرچ آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا۔


ریسکیو ٹیموں نے آسٹریلوی سیٹلائٹ کی نشاندہی والے علاقے میں اپنی توجہ مرکوز کر لی جبکہ بھارت نے چین کی جانب سے بحر ہند میں اپنی حدود میں داخلے کی درخواست مسترد کردی۔ دوسری جانب ٹائی ٹینک کا ملبہ تلاش کرنے والے ماہر رابرٹ بیلرڈ کا کہنا ہے کہ تلاش کا دائرہ محدود کرنے کے بجائے وسیع ہوتا جا رہا ہے، جہاز اگر بحر ہند میں ڈوبا ہے تو اس کا ملبہ ٹائی ٹینک سے بھی زیادہ گہرائی میں مل سکتا ہے، بیٹری ختم ہونے سے قبل بلیک باکس کی تلاش ناگزیر ہے۔

آسٹریلوی سیٹلائٹس کی جانب سے ممکنہ ملبے کی تصاویر ملنے کے بعد پرتھ سے ڈھائی ہزار کلومیٹر دور جنوب بحر ہند کے 23 ہزار کلو میٹر کے دائرے میں تلاش کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا تاہم رات ہونے پر کام روک دیا گیا۔ آسٹریلوی وزیر اعظم ٹونی ایبٹ نے چین کے صدرجن پنگ ژی کو فون کیا اور سرچ آپریشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، ٹونی ایبٹ کا کہنا تھا کہ چینی صدر طیارے کی گمشدگی کے باعث انتہائی صدمے میں ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story