پی ٹی آئی کے بانی رکن حامد زمان جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

ریمانڈ فارن فنڈنگ کیس میں دیا گیا ہے، عدالت نے حامد زمان کو پیر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا

ریمانڈ فارن فنڈنگ کیس میں دیا گیا ہے، عدالت نے حامد زمان کو پیر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا (فوٹو فائل)

عدالت نے فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کے بانی رکن حامد زمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کی ضلعی عدالت میں فارن فنڈنگ کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ کے روبرو ہوئی۔ ایف آئی اے لاہور نے پی ٹی آئی کے بانی رکن حامد زمان کو ضلع کچہری میں پیش کردیا۔

یہ پڑھیے: پی ٹی آئی سینیٹر سیف اللہ نیازی گرفتار

ایف آئی اے نے عدالت سے ملزم کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی اور کہا کہ پی ٹی آئی کو مختلف بینک اکاؤنٹس میں فارن فنڈنگ کی گئی، الیکشن کمیشن کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کی انکوائری کی گئی، امریکا سے بینک اکاؤنٹس کو چلایا جا رہا ہے، تقریباً 6 کروڑ روپے کی رقم کو لایا گیا ہے۔


یہ بھی پڑھیں : ممنوعہ فنڈنگ کیس؛ تحریک انصاف نے ایف آئی اے انکوائری چیلنج کردی

ایف آئی اے نے کہا کہ ٹرسٹ کی جانب سے جو کام ہونا چاہیے تھا وہ نہیں ہوا، جو بھی رقم منگوائی گئی اسے اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا، غیر قانونی طور پر بیرون ممالک سے پیسے منگوائے گئے، تحقیقات کے لیے ریمانڈ دیا جائے۔

بعدازاں عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا اور کچھ دیر بعد سناتے ہوئے حامد خان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ عدالت نے ایف آئی اے کو حامد زمان کو پیر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

اسی سے متعلق: فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کے بانی رکن حامد زمان گرفتار

واضح رہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے حامد زمان کو کل وارث روڈ پر واقع ان کے دفتر سے حراست میں لیا گیا تھا، حامد زمان کے خلاف ایف آئی اے فارن فنڈنگ کی تحقیقات کر رہا ہے۔
Load Next Story