بھارت سے ہارکے بعد پاکستانی ڈریسنگ روم میں سناٹا چھا گیا

مینجمنٹ اور سینئرزنے باہمی حوصلہ بڑھایا،حریف پلیئرز کے آف دی فیلڈ تعلقات بہتر

پاکستان کے پلیئرز روایتی حریف سے مقابلے کا سوچ کر ہی پریشان ہو جاتے ہیں. فوٹو: اے ایف پی/فائل

بھارت سے شکست کے بعد پاکستانی ڈریسنگ روم میں سناٹا چھاگیا، ایسے میں ٹیم مینجمنٹ اور سینئر کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھایا۔


ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ بھارتی ٹیم اب گرین شرٹس سے میچز کو حواس پر سوار نہیں کرتی، نارمل انداز سے کھیلنے کے سبب فتح بھی نصیب ہو جاتی ہے، دوسری جانب پاکستان کے پلیئرز روایتی حریف سے مقابلے کا سوچ کر ہی پریشان ہو جاتے ہیں، جمعے کے میچ بھی ایسا ہوا اور کامران اکمل کے آؤٹ ہونے کے بعد احمد شہزاد بدحواس دکھائی دیے، بعد میں دیگر بیٹسمین بھی جدوجہد کرتے رہے۔دریں اثنا پاکستانی اور بھارتی کھلاڑیوں کے آف دی فیلڈ تعلقات اب پہلے سے بھی بہت بہتر ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈھاکا کے ہوٹل میں گرین شرٹس چوتھے اور بلو شرٹس تیسرے فلور پر مقیم ہیں، لفٹ یا لابی میں آمنا سامنا ہوتا رہتا ہے، ناشتے یا کھانے کے وقت بھی ملاقاتیں ہوتی ہیں،گذشتہ روز پاکستانی پلیئرز کو کھانا کھاتے دیکھ کر یوراج سنگھ بھی انہی کی ٹیبل پر بیٹھ گئے۔ بھارتی کپتان مہندرا دھونی پہلے ہی کہہ چکے کہ دونوں ٹیموں کے میچز میں اب پہلے جیسے تناؤ کی صورتحال نظر نہیں آتی، اس کا سب سے زیادہ فائدہ کھلاڑیوں کو ہی ہوا مگر پاکستانی ٹیم تاحال اس نفسیاتی دباؤ کا شکار نظر آتی ہے،اسی وجہ سے جمعے کو بھی ناکامی کا شکار ہوئی۔
Load Next Story