نائیجیریا میں سیلاب متاثرین کو لے جانے والی کشتی ڈوب گئی76 ہلاک

سیلابی پانی میں متاثرین کی مدد کو گشت کرنے والی کشتی میں گنجائش سے کہیں زیادہ افراد سوار ہوگئے تھے

نائیجیریا میں سیلاب متاثرین کی کشتی ڈوب گئی،صرف 9 افراد کو بچایا جا سکا، فوٹو: فائل

نائجیریا میں سیلاب میں ڈوبے علاقے سے متاثرین کو محفوظ مقام پر لے جانے والی کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں 76 افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے جب کہ صرف 9 افراد کو زندہ بچایا جا سکا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی افریقی ملک نائیجیریا میں دس سال کے بدترین سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔ 36 میں سے 29 ریاستیں سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئیں جن میں مجموعی طور پر 300 افراد ہلاک اور ایک لاکھ سے زائد بے گھر ہوگئے۔


ریاست عنبرا میں سیلاب متاثرین دہرے عذاب کا شکار ہوگئے۔ سیلاب متاثرین کو محفوظ مقام پر لے جانے والی کشتی الٹ گئی اور 85 افراد پانی میں ڈوب گئے جن میں سے صرف 9 کو زندہ بچایا جاسکا جب کہ 76 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ریسکیو ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کشتی گنجائش سے زیادہ مسافروں کے سوار ہونے کی وجہ سے ڈوبی۔ سیلاب سے متاثرہ ریاستوں میں ایسے کئی واقعے پیش آچکے ہیں تاہم سب سے زیادہ جانی نقصان کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

واضح رہے کہ سیلاب سے نائیجیریا میں فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جس سے غذائی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ مال مویشی بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئے اور ایک لاکھ کے نزدیک گھر مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوئے۔
Load Next Story