سری لنکا 8 برس بعدجنوبی افریقہ کی ٹیسٹ میزبانی کو تیار

تین ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل رواں برس دورے کا باضابطہ پروگرام جاری

تین ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل رواں برس دورے کا باضابطہ پروگرام جاری ۔ فوٹو: فائل

سری لنکا 8 برس بعد جنوبی افریقہ سے سیریز کی میزبانی کریگا، سری لنکا کرکٹ بورڈ نے رواں برس پروٹیز سے ہوم سیریز کا پروگرام ہفتے کو جاری کردیا۔


جس کے تحت ون ڈے وارم اپ میچ3 جولائی کو موراتوا میں کھیلا جائیگا، جس کے بعد دونوں ممالک میں تین ون ڈے انٹرنیشنل بالترتیب6،9 اور12 جولائی کو کولمبو، پالے کیلی اور ہمبنٹوٹا میں کھیلے جائینگے، دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آغاز گال میں16جولائی کو ہوگا، طویل دورانیے کا دوسرا مقابلہ کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب گرائونڈ پر24 جولائی سے شروع ہوگا۔

جنوبی افریقی ٹیم نے اس سے قبل 2006 میں سری لنکا میں ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی، پروٹیز ٹیم 30 جون کو کولمبو پہنچے گی، سری لنکا بورڈ ایک برس سے زائد عرصے بعد ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کریگا، انھوں نے آخری مرتبہ مارچ 2013 میں بنگلہ دیش کی ٹیسٹ میزبانی کی تھی، ابتدائی طور پر جنوبی افریقہ سے سیریز میں 3ٹیسٹ میچز طے تھے تاہم سری لنکا نے ایک ٹیسٹ 2015 میں منتقل کرنے کی درخواست کی تھی، جسے جنوبی افریقی بورڈ نے قبول کرلیا، تاہم فروری میں دونوں بورڈز نے ایک ٹیسٹ کی بجائے تین ون ڈے میچز کھیلنے پر اتفاق کرلیا تھا۔
Load Next Story