پی سی بی کی ہائی پروفائل کرکٹ کمیٹی خاموشی سے ختم

ایک سال قبل گورننگ بورڈ کی منظوری سے فیصلہ کیا گیا (بورڈ) کافی عرصے قبل میٹنگ ہوئی تھی، سلیم یوسف

خاتمے کا کوئی باقاعدہ اعلان سامنے نہ آیا، حیران کن طور پر ویب سائٹ پر تاحال کمیٹی کی مکمل تفصیل۔ موجود فوٹو فائل

پی سی بی نے ہائی پروفائل کرکٹ کمیٹی کو خاموشی سے ختم کر دیا تاہم اس حوالے سے کوئی باقاعدہ اعلان سامنے نہ آیا۔

اکتوبر 2018 میں پی سی بی نے محسن حسن خان کی زیرسربراہی کرکٹ کمیٹی قائم کی تھی، اس کا کام کرکٹنگ معاملات میں رائے دینا تھا، ارکان میں وسیم اکرم اور مصباح الحق بھی شامل تھے، محسن اور وسیم کی ایک ساتھ شمولیت پر چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں کیونکہ سابق اوپنر ان کے بارے میں تند و تیز بیانات دیتے رہے تھے، 8 ماہ میں صرف 3 میٹنگز کے بعد محسن خان نے عہدہ چھوڑ دیا تھا۔

بورڈ حکام ان کے بعض بیانات سے ناخوش تھے،اس وقت کے چیئرمین احسان مانی نے سی ای او وسیم خان کا بطور کمیٹی سربراہ تقرر کیا، بعد میں مصباح خود ہیڈ کوچ بن گئے حالانکہ مکی آرتھر کو عہدے سے ہٹانے کی سفارش کرکٹ کمیٹی نے ہی کی تھی،دسمبر 2020 میں سابق وکٹ کیپر سلیم یوسف کو کرکٹ کمیٹی کا چیئرپرسن مقرر کیا گیا۔

ارکان میں علی نقوی (نمائندہ میچ آفیشلز) عمر گل (نمائندہ موجودہ کرکٹرز) اسماویہ اقبال (نمائندہ ویمنز کرکٹرز) وسیم اکرم (نمائندہ سابق کرکٹرز) ذاکر خان (ڈائریکٹر انٹرنیشنل پی سی بی ) اور ندیم خان (ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ) شامل تھے۔


ٹیم کے مایوس کن دورہ نیوزی لینڈ کے بعد جنوری 2021 کی میٹنگ میں کوچز مصباح الحق اور وقار یونس کو بھی بلایا گیا،ان کو ''فی الحال'' سپورٹ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ سے سیریز میں کارکردگی نظروں میں رکھنے کا بھی کہا گیا، چند ماہ بعد دونوں خود ہی مستعفی ہو گئے، انھیں لگتا تھا کہ نامزد چیئرمین رمیز راجہ عہدہ سنبھالنے کے بعد دونوں کو برطرف کر دیں گے، اس کے بعد کرکٹ کمیٹی کے حوالے سے خاموشی چھا گئی۔

رمیز نے بڑے فیصلوں کیلیے گورننگ بورڈ کی ربڑ اسٹیمپ استعمال کرنا مناسب سمجھا، البتہ باضابطہ طور پر کبھی اعلان نہیں ہوا کہ کرکٹ کمیٹی ختم کر دی گئی ہے۔

اس حوالے سے رابطے پر پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ ایک سال قبل ہی گورننگ بورڈ کی منظوری سے کمیٹی کو ختم کر دیا گیا تھا،سلیم یوسف نے استفسار پر بتایا کہ شاید کمیٹی ختم ہو چکی،آخری میٹنگ ہوئے بھی عرصہ بیت چکا ہے، حیران کن طور پر پی سی بی کی ویب سائٹ پر اب بھی کرکٹ کمیٹی کا ذکر موجود ہے۔

یہ بات واضح نہیں ہو سکی کہ اگر ایک سال قبل کمیٹی ختم کر دی گئی تھی تو اس کا ذکر ویب سائٹ سے کیوں نہیں ہٹایا گیا۔
Load Next Story